ضلعی سطح پر نابینا افراد کی بحالی کیلئے خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں‘وحید اختر انصاری

اس دور حکومت میں خصوصی افراد کو محض وظائف پر نہیں رکھا گیا بلکہ انھیں خود کفالت کی طرف مائل کیا گیا ہے تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے عمر اور اخراجات میں خصوصی رعایت دی جا رہی ہے‘ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر

بدھ 3 اگست 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 اگست ۔2016ء)معذور افراد بالخصوص نابینا افراد کے لیے موجودہ حکومت نے جو اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی ،اس دور حکومت میں خصوصی افراد کو محض وظائف پر نہیں رکھا گیا بلکہ انھیں خود کفالت کی طرف مائل کیا گیا ہے اور اس مقصد کے لیے انھیں فنی تربیت کے بہترین مواقع مہیا کیے گئے ہیں، سرکاری ، نیم سرکاری اور نجی محکموں میں ان کے لیے ملازمتوں کو یقینی بنایا گیا ہے ،سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے عمر اور اخراجات میں خصوصی رعایت دی جا رہی ہے، ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی بسوں اور لاریوں میں معذور افرادکے لیے نشستیں مخصوص کریں اور کرایوں میں نصف سے زائد رعایت دی جائے، ضلعی سطح پر نابینا افراد کی بحالی کے لیے خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈسٹرکٹ آفیسرز بہترین انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی شکایت ہیڈ آفس میں موصول نہیں ہوئی ، اسٹیک ہولڈز کو ان تمام اقدامات کے حوالے سے جہاں بھی کوئی شکایت ہو گی محکمہ اس کا فوری ازالہ کرے گا اس کے لیے سڑکوں پر آنے کی ضرورت ہے نہ کسی اور انتہائی حد تک جانے کی۔

(جاری ہے)

اس عزم کا اعادہ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیر وحید اختر انصاری نے اپنے دفتر میں احتجاج کی غرض سے آنے والے نابینا افراد سے مذاکرات کے دوران کیا۔ نابینا افراد کی جانب سے آنے والی زیادہ تر شکایات انفرادی نوعیت کی تھیں جن میں نجی اداروں میں تعینات افراد کے کنٹریکٹ کی معیاد کا خاتمہ اور تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر شامل تھی۔ ڈائریکٹر جنرل نے متاثرہ افراد کو یقین دلایا کہ وہ متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے ان کے مسائل فوری حل کروائیں گے اور انھیں پابند کریں گے کہ یا تو کنٹریکٹ کی مدت میں اضافہ کیا جائے یا پھر ادارا ے کی جانب سے پالیسی کے مطابق نابینا افراد کی کفالت کے لیے ڈونیشن جاری کیا جائے تا کہ اس سے ان کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

اجتماعی مسائل کے حل کے لیے ڈائریکٹریٹ سوشل ویلفیرڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹرجنرل وحید اختر انصاری کی زیر قیادت ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے ممبران میں محکمے کے متعلقہ افسران کے علاوہ معذور افراد کی تینوں کیٹگریز کے نمائندہ افراد کو شامل کیا گیا۔ ڈی جی سوشل ویلفیر نے عملہ کو ہدایت کی کے وہ ممبران کی سہولت کے مطابق آئندہ میٹنگ کا اہتمام کریں تاکہ سٹیک ہولڈرز کی متفقہ مشاورت سے ان معاملات کا موزوں ترین حل نکالا جا سکے۔ اگر کسی موقع پر پالیسی میں تبدیلی کی ضرورت پڑے گی تو اسے اعلی حکام تک پہنچایا جائے گا۔