پرامن بلوچستان کے قیام کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل ہونے نہیں دی جائے گی، نواب ثناء اﷲ خان زہری

امن و امان کی بہتری اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 3 اگست 2016 19:14

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ پرامن بلوچستان کے قیام کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل ہونے نہیں دی جائے گی، امن و امان کی بہتری اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ،اس حوالے سے جاری اقدامات کی وہ خود نگرانی کر رہے ہیں، مخلوط صوبائی حکومت امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ دیگر تمام امور کی انجام دہی افہام و تفہیم اور خوش اسلوبی کے ساتھ کر رہی ہے۔

یہ ہی وجہ ہے کہ آج صوبے کی صورتحال کہیں درجہ بہتر ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) لائرز فورم کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے فورم کے صوبائی صدر طارق بٹ ایڈوکیٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکریٹری سیدال خان ناصر اور اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر علاؤ الدین کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا پڑھا لکھا ، باشعور اور حساس طبقہ ہے، جس کا روزانہ کی بنیاد پر عوام سے رابطہ رہتا ہے، لہذا ایک پرامن معاشرے کے قیام کے لیے وکلاء اپنا کلیدی کردار بھرپور طریقے سے ادا کر سکتے ہیں۔

وفد نے وزیراعلیٰ کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ اور ان کی حکومت کے اقدامات کو سراہا ، وفد میں شامل وکلاء نے بتایا کہ عدالتوں میں مقدمات کی تعدادسے کسی بھی معاشرے میں جرائم کے تناسب کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتاہے، یہ بات اطمینان بخش ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں بلوچستان میں عمومی جرائم کا گراف نیچے آیا ہے اور دہشت گردی کے واقعات میں بھی نمایاں کمی رونما ہونے کی وجہ سے خوف و دہشت کی فضاء کا خاتمہ ہوا ہے۔

ملاقات کے دوران گذشتہ روز فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے وکیل جہانزیب علوی کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے مقتول وکیل کی اہلیہ اور بچیوں کی کفالت کے لیے 10لاکھ روپے کی گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :