بلوچستان اپنے محل و قوع کے اعتبار سے دنیا بھر میں اہمیت کا حامل ہے، محمدخان اچکزئی

محل و قوع اور قیمتی وسائل اور معدنیات کی وجہ سے مشرق اور مغرب کے درمیان موثر رابطہ کا بہترین ذریعہ ہے مستقبل قریب میں ہونے والی اقتصادی اور تجارتی ترقی کے غیر معمولی عمل کے پیش نظر ہمیں ابتدائی سطح پر مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ہوں گی ، گورنر بلوچستان

بدھ 3 اگست 2016 19:14

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنے محل و قوع کے اعتبار سے دنیا بھر میں اہمیت کا حامل ہے۔ یہ اپنے محل و قوع اور قیمتی وسائل اور معدنیات کی وجہ سے مشرق اور مغرب کے درمیان موثر رابطہ کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مستقبل قریب میں ہونے والی اقتصادی اور تجارتی ترقی کے غیر معمولی عمل کے پیش نظر ہمیں ابتدائی سطح پر مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ہوں گی جس کے لئے ہمیں اپنی قومی شاہراہوں کی تعمیر پر ابھی سے خصوصی توجہ دینا ہوگی۔

تاکہ اہلیان بلوچستان ان تمام تبدیلیوں سے بھر پور طریقے سے مستفید ہوسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز جنرل منیجر این ایچ اے کنسٹرکشن آغا عنایت اور جنرل منیجر این ایچ اے مینٹیننس شعیب خٹک سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں تمام قومی شاہراہوں کی بر وقت تعمیر و مرمت اور دیکھ بھال کے کاموں کو فعال کیا جائے اور قلات ، چمن سیکشن پر تعمیر اتی کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ اور دیگر صوبوں کے ساتھ مواصلاتی نظام مربوط ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات کوعوام تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان اس خطے میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور انقلابی معاشی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اور بین الاقوامی تبدیلیوں سے مستفید ہونے کے لئے سڑکوں کا نظام بہتر اور معیاری بنانا ہوگا کیونکہ قومی شاہراہوں کی معیاری تعمیر سے ہی ہم اپنے ملک اور صوبہ کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں ۔

گورنر بلوچستان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے کام کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے ۔ ملاقات کے دوران خضدار ، کوئٹہ ، قلات ، چمن سیکشن ، کوئٹہ تا ژوب ، لورالائی ، ڈی آئی خان اور ، سبی تا کوہلو تک زیر تعمیر اور مجوزہ شاہراہوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :