سوات یونیورسٹی کو مثالی درسگاہ بنانے کی غرض سے جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جارہا ہے،ڈاکٹر حید ر علی

بدھ 3 اگست 2016 17:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے پارلیمانی سیکرٹری برائے انسداد بدعنوانی ڈاکٹرحیدر علی نے کہا ہے کہ سوات یونیورسٹی کو درپیش مسائل حل کرنے اور اسے جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سوات یونیورسٹی کے حالیہ دورے کے دوران کئے گئے اعلانات کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جارہا ہے تاکہ یہ درس گاہ علاقے میں تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں بہتر کردار ادا کر سکے۔

یہ بات انہوں نے پشاور میں سوات یونیورسٹی کے مسائل کے حل اور سہولتوں کی فراہمی سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وائس چانسلر سوات یونیورسٹی جہان بخت ،رجسٹرار حسن شیر خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے حالیہ سوات کے دورے کے دوران یونیورسٹی کے لئے کئے گئے اعلانات پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈاکٹر حیدر علی نے کہا کہ یونیورسٹی میں کلاس فور ملازمین کی بھرتی خالصتاً میرٹ پر ہو گی اور مقامی غریب افراد کو تعینات کرنے کے لئے مناسب طریقہ کار کو وضع کیا جائے گا۔انہوں نے اس موقع پر متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ یونیورسٹی کے لئے اعلان کردہ منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے او ر اس سلسلے میں حائل رکاؤٹوں کو ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت مسائل کو حل کر کے وزیر اعلیٰ کے اعلانات کے تناظر میں سہولیات کی فراہی کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں یونیورسٹی کی مختلف سکیموں کی جلد تکمیل سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اوراس سلسلے میں مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

متعلقہ عنوان :