اسلام ایک ایسی حقیقت ہے جو دنیا پر غالب آکر رہے گی‘محمد اشرف آصف جلالی

اسلام اپنی روشن تعلیمات کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں گھر کرتاجا رہاہے، اسلام جس جامع اور احسن انداز میں انسانی ضروریات کو پورا کرتاہے اس کی مثال کسی دوسرے ضابطہ حیات میں نہیں ملتی ‘میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 اگست 2016 17:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 اگست ۔2016ء ) تحریک لبیک یا رسول اﷲ ﷺ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم پاکستان کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ اسلام ایک ایسی حقیقت ہے جو دنیا پر غالب آکر رہے گی، اسلام اپنی روشن تعلیمات کی بنیاد پر لوگوں کے دلوں میں گھر کرتاجا رہاہے، اسلام جس جامع اور احسن انداز میں انسانی ضروریات کو پورا کرتاہے اس کی مثال کسی دوسرے ضابطہ حیات میں نہیں ملتی ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے افریقہ کے ایک ہفتہ کے تبلیغی دورہ سے واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر کارکنان اور میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ غیر مسلم اقوام کو آخر کار اسلام ہی کے دامن میں پناہ لینا پڑے گی ۔اسلام کا دہشت گردی سے کوئی دور کا تعلق بھی نہیں ہے اسلامی تعلیمات کو آڑ بنا کر بلادِ اسلامیہ میں دہشت گردی کا بازار گرم کرنے والوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر سے اٹھنے والی آزادی کی حالیہ لہر نے واضح کر دیاکہ بھارت کو کشمیر سے اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا پڑے گا ۔کشمیریوں کی جدوجہد ِآزادی کو دہشت گردی سے تعبیر کرنا ظلم بالا ئے ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے تمام مسلم حکومتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہیے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے دورہ افریقہ کے دوران بہت سی علمی اور روحانی شخصیات کو یکم اکتوبر کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی تاریخ ساز لبیک یارسول اﷲ ﷺ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔

متعلقہ عنوان :