ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس کا مختلف دفاتر کا دورہ ،صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 3 اگست 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 اگست ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کے ڈی اے سوک سینٹر میں کے ڈی اے کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا۔ چیف انجینئر کے ڈی اے اسد اللہ شاہ، سیکریٹری کے ڈی اے توفیق احمد سومرو ، چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن الطاف اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ افسران اپنے دفاتر میں صفائی و ستھرائی کے نظام کو بہتر بنائیں اور دفتری اوقات کی سختی سے پابندی یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوک سینٹر کا گراؤنڈ فلور اور باؤنڈری وال کے اندر علاقہ کی صفائی و ستھرائی کو یقینی بنایا جائے ۔ ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے ڈی اے کے ریکارڈ روم کا بھی دورہ کیا اور ایگزیکٹو انجینئر سوک سینٹر کو ہدایت کی کہ بارش کا پانی ریکارڈ روم میں داخل ہونے سے روکنے کے انتظامات کئے جائیں تاکہ ریکارڈ روم میں پلاٹوں کے موجود ریکارڈ کو محفوظ رکھا جاسکے یہ الاٹیز کی امانت اور قیمتی اثاثہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ریکارڈ روم میں فائلنگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے چیف انجینئر کو ہدایت کی کہ ریکارڈ روم کو جلد سے جلد جنریٹر سے منسلک کردیا جائے۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کو ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے نے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی کے ڈی اے نے ریکارڈ روم میں موجود تمام کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :