نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل ووٹروں کے اندراج کیلئے مہم کا آغاز (کل) ہوگا

اتوار 31 جولائی 2016 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31جولائی۔2016ء) الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں انتخابی فہرستوں میں نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے حامل ووٹروں کے اندراج کیلئے مہم کا آغاز (کل) پیر سے ہوگا۔ اس مہم کے دوران الیکشن کمیشن کا عملہ گھر گھر جاکر تصدیقی عمل کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔ اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ گھر گھر تصدیقی مہم 15 اگست تک جاری رہے گی، 21 اگست سے 21 دنوں کیلئے یہ ووٹر فہرستیں مختلف ڈسپلے مراکز پر آویزاں کی جائیں گی، نئے شناختی کارڈ کے حامل افراد کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن کا تفویض شدہ عملہ گھر گھر جاکر تصدیق کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ وفات پا جانے والے یا پاکستان کی شہریت ترک کرنے والے ووٹروں کے نام ووٹر فہرستوں سے نکالنے کیلئے بھی گھر گھر جاکر تصدیق کی جائے گی جس کے بعد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز، رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر کے باہر یہ فہرستیں آویزاں کی جائیں گی، ان ڈسپلے مراکز کی فہرست کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ عوام میں آگاہی کیلئے وسیع پیمانے پر میڈیا مہم بھی چلائی جائیگی۔ ووٹرز سے استدعا کی جائے گی کہ وہ موبائل کے ذریعے 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے ووٹ چیک کریں۔ اگر کسی درخواست گزار نے اپنے ووٹ کا اندراج، منتقلی، درستگی یا اخراج کرانا ہے تو وہ طے شدہ فارم کے اوپر الیکشن کمیشن کے متعلقہ حکام کو درخواست دے گا۔ الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں صوبائی، ریجنل اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو ضروری ہدایات جاری کردی ہیں۔ توقع ہے کہ اس عمل کے بعد ووٹروں کی تعداد 9 کروڑ 30 لاکھ سے بڑھ کر 9 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی اس مہم کے دوران موثر مانٹیرنگ بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :