پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس (کل)سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

نو اہم ممالک میں پاکستانی سفرا اور ہائی کمشنر شرکت کرینگے ٗ وزیر اعظم کانفرنس کے اختتامی اجلاس کے مہمان خصوصی ہونگے ٗخطاب بھی کرینگے

اتوار 31 جولائی 2016 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء) پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس (کل)پیر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس میں نو اہم ممالک میں پاکستانی سفرا اور ہائی کمشنر شرکت کرینگے ۔ اتوار کو وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف کانفرنس کے اختتامی اجلاس کے مہمان خصوص ہونگے اس موقع پر وزیر اعظم کو کانفرنس میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا جائیگا جبکہ وزریر اعظم نوازشریف خارجہ پالیسی پر اظہار خیال بھی کرینگے ۔

بیان میں کہاگیا کہ جن ممالک سے پاکستانی سفیر کو کانفرنس میں دعوت دی گئی ہے ان میں امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی ٗ چین میں پاکستانی سفیر مسعودخالد ٗ بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط ٗ اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی ٗ ویانا میں پاکستانی سفیر عائشہ ریاض ٗ برسلز میں پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی ٗ افغانستان میں پاکستانی سفیر ابرار حسین ٗ جنیوا میں پاکستانی سفیر تہمینہ جنجوعہ اور ماسکو میں قاضی خلیل اﷲ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق سفیرو ں کی کانفرنس معمول کی کارروائی ہے جس کے دور ان پاکستان سفراء اپنے ممالک میں ہونے والے اہم واقعات ٗ مواقع اور چیلنجوں سے حکومت کو آگاہ کرینگے ۔سفرا موجودہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے کانفرنس کے دور ان اپنی تجاویز پیش کرتے ہیں گزشتہ سال اسی طرح کانفرنس میں علاقائی صورتحال اورواقعات کے بارے میں حکومت کو آگاہ کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :