انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمہ کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی‘مقررین

ارض حرمین الشریفین کے خلاف کسی سازش کو مسلم امۃ برداشت نہیں کرے گی ، سعودی عرب اور مدینۃ المنورہ میں حملے کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں، 18 اگست کو اسلام آباد میں ندائے امت کانفرنس ہو گی ‘تحفظ الشریفین کانفرنس سے خطاب

اتوار 31 جولائی 2016 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء ) انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمہ کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی ہو گی ، ارض حرمین الشریفین کے خلاف کسی سازش کو مسلم امۃ برداشت نہیں کرے گی ، سعودی عرب اور مدینۃ المنورہ میں حملے کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں، 18 اگست کو اسلام آباد میں ندائے امت کانفرنس ہو گی ، ماہ اگست کو استحکام پاکستان کے طور پر منایا جائے گا ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل گوجرانوالہ کے زیر اہتمام تحفظ حرمین الشریفین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ ، سیاسی زعماء ، تاجر اور اساتذہ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی دنیا اضطرابی کیفیت میں ہے ۔

مسلم امۃ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے ۔ لیبیا ، شام ، عراق ، یمن میں مداخلتوں کے بعد اب پاکستان ، ترکی اور سعودی عرب نشانہ پر ہیں۔ یمن اور بحرین میں خانہ جنگی کی کوششیں ارض حرمین الشریفین کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہیں جن کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم امۃ کو متحد ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم ارض حرمین الشریفین کے دفاع ، سلامتی اور استحکام کیلئے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کا مقصد صرف اور صرف اسلامی ممالک کے امن کو تباہ کرنا ہے جسے مسلم قیادت کو ناکام بنانا ہو گا ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ امت مسلمہ کی وحدت اور عقیدت کا مرکز حرمین الشریفین ہیں۔

عالم کفر اور اس کے آلہ کار جان لیں حرمین الشریفین کے تحفظ ، سلامتی اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سعودی عرب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ حجاج اور زائرین کی خدمت کی ہے جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو نے کہا کہ عالم اسلام کے مسائل کے حل ، دہشت گردی کے خاتمے اور ارض حرمین الشریفین کی سلامتی اور دفاع کیلئے سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

زائرین ، حجاج کی سہولت اور ارض حرمین الشریفین کے امن اور سلامتی کیلئے سعودی حکومت کے اقدامات کی پاکستانی قوم مکمل تائید اور حمایت کرتی ہے اور ہرسطح پر اس پر معاونت کیلئے تیار ہے۔پاکستان علماء کونسل پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد نے کہا کہ عرب ممالک اور حرمین شریفین کے امن کو تباہ کرنے کیلئے یمن میں ایرانی مداخلت شروع کی گئی جسے عاصفۃ الحزم کے ذریعے سعودی عرب کی قیادت نے ناکام بنا دیا۔

یمنی باغیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات میں طے ہونے والے امور سے غیر ملکی ایما ء پر یمنی باغیوں کا انحراف قابل تشویش اور قابل مذمت ہے۔ جمعیت علماء اہلحدیث کے مولانا غلام اﷲ خان نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ارض حرمین الشریفین اور عرب ممالک کے امن سے کھیلنا چاہتی ہیں لیکن سعودی عرب کے امن ، سلامتی اور استحکام سے کسی کو نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔

سعودی عرب نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن نائف اور نائب ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی قیادت میں عاصفۃ الحزم کا آغاز کر کے اور عالمی اسلامی عسکری اتحاد قائم کر کے عرب اور اسلامی ممالک میں ہونے والی مداخلتوں کو روکا ہے جس پر ملت اسلامیہ خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ ایران کی طرف سے مسلسل عرب ممالک میں مداخلت اور عرب ممالک کے امن اور سلامتی سے کھیلنے کی سازشیں دنیا کے امن کیلئے خطرہ بنتی چلی جا رہی ہیں۔

جمعیت علماء پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نصیر اویسی نے کہا کہ حرمین الشریفین اور سعودی عرب کے ساتھ ہمارے عقیدت اور ایمان کے رشتے ہیں ۔ سعودی عرب میں دہشت گردی کرنے والے خارجی اور داعش کے پیروکار ہیں جن کو اسلام دشمن قوتوں کی مدد حاصل ہے۔داعش ایرانی اور شامی حکومت کی سرپرستی میں مسلم ممالک میں تخریبی کاروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارض حرمین الشریفین کی حرمت اور سلامتی کیلئے پاکستانی قوم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر نے کہا کہ پاکستان کے ایک لاکھ نوجوان رضا کارانہ طور پر ارض حرمین الشریفین کی سلامتی اور استحکام کیلئے تیار ہیں۔ سعودی عرب کی قیادت جس وقت حکم دے گی ان نوجوانوں کو ارض حرمین الشریفین کی سلامتی اور استحکام کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔پاکستان علماء کونسل صوبہ پنجاب کے صدر حافظ محمد امجد ، نائب صدر مولانا عمار بلوچ ، مولانا اشفاق پتافی ، جمعیت علماء امامیہ کے علامہ غلام اکبر ساقی ، سنی اتحاد کونسل کے پیر محفوظ مشہدی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کانفرنس میں ایک قرارداد کے ذریعے حرم مسجد نبوی میں خود کش حملہ آور کے حملے کو ناکام بنانے والے سعودی سلامتی کے اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب کے سلامتی کے اداروں نے خود کش حملہ آور کے حملہ کو ناکام بنا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت اور سلامتی کے ادارے حرمین الشریفین کے تحفظ ، سلامتی اور دفاع کرنے کے اہل ہیں اور پوری امت مسلمہ سعودی عرب کی قیادت اور سلامتی کے اداروں کے نوجوانوں پر فخر کرتی ہے۔

کانفرنس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے سعودی عرب کی وزارت اطلاعات کی طرف سے انتہاء پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورکوں کے خلاف ایکشن کو قابل ستائش اور تحسین قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ نوجوان نسل اور مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والے ذرائع ابلاغ کے خلاف کاروائی وقت اور حالات کا تقاضہ ہے اور سعودی عرب کی وزارت اطلاعات نے اس سلسلہ میں جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔کانفرنس میں ایک اور قرارداد کے ذریعے ترکی میں بغاوت کو ناکام بنانے پر ترکی کی عوام اور حکومت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ترکی میں ہونے والی بغاوت کے خلاف مسلم ممالک کے اتحاد نے یہ بات واضح کر دی کہ عالم اسلام کے مسائل کا حل وحدت امت میں ہے۔