نجی سکولوں کے ساتھ پارٹنرشپ کے مثبت نتائج برآمد ہو ئے،قمرالاسلام راجہ

رواں مالی سال کے دوران فروغ تعلیم پر 12ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ، ایم ڈی پیف طارق محمود

اتوار 31 جولائی 2016 16:32

راولپنڈی۔31 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 جولائی ۔2016ء) چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن قمرالاسلام راجہ نے کہا ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی نجی سکولوں کے ساتھ تعلیمی پارٹنرشپ کے انتہائی مفید نتائج برآمد ہو ئے ، پارٹنر شپ کی بدولت 20 لاکھ سے زائد مستحق طلباء کی مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے نجی سکولوں کا معیار تعلیم بھی بلند ہوا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں منعقدہ پارٹنر سکولوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں اٹک،بھکر،چکوال،گجرات،جہلم ،خوشاب، منڈی بہاؤالدین،میانوالی،راولپنڈی اور سرگودھا کے 620پارٹنر سکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔چیئرمین پیف نے اجلاس کو بتایا کہ پارٹنر سکولوں کا مجموعی معیار تعلیم مزیدبہتر بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح تربیت اساتذہ کے ذریعے کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ خصوصی بچوں کے لیے انضمامی تعلیم کا پائلٹ پروجیکٹ لا ہور ،ملتان،وہاڑی ،چکوال،راولپنڈی،جہلم اوراٹک میں شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چولستان کے صحرائی علاقوں میں آباد خانہ بدوش قبیلوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے 10موبائل سکولوں کا منفرد منصوبہ لانچ کیا گیا ہے ۔

دوسری جانب چولستان کے 76پارٹنر سکولوں کے 6500سے زائد طلباء کی تعلیمی معاونت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ایم ڈی پیف طارق محمود نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران فروغ تعلیم پر 12ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں کے معیار مزید بہتر کرنے کی غرض سے سکول لیڈر شپ پروگرام اور ٹیچر ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :