نو منتخب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شاہانہ انداز‘ 35 سے زائد گاڑیوں کے قافلے میں سکھر ایئر پورٹ سے گڑھی خدا بخش روانگی

وی آئی پی پروٹوکول باعث ٹریفک معطل‘ شہری پریشانی سے دوچار‘ ٹریفک بحالی کے وقت گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں

اتوار 31 جولائی 2016 15:46

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 جولائی ۔2016ء) نو منتخب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شاہانہ انداز، 35 سے زائد گاڑیوں کے قافلے میں سکھر ایئر پورٹ سے گڑھی خدا بخش روانہ ، وی آئی پی پروٹوکول کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل، شہری اور مسافر پریشانی سے دوچار، ٹریفک بحالی کے وقت گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گذشتہ دنوں حلف لیتے ہی گڑھی خدا بخش میں شہداء کی مزاروں پر حاضری اور لاڑکانہ واقعے میں زخمیوں کی عیادت کے لیے جب سکھر ایئر پورٹ پر پہنچے توانکے ہمراہ سندھ اسمبلی کے اراکین بھی موجود تھے، انکا قافلہ جب سکھر ایئر پورٹ سے گڑھی خدا بخش کے لیے روانہ ہوا تو انکے قافلے میں 35 سے زائد گاڑیاں بشمول 16 پولیس موبائل، ایک ایمبولینس، سکھر و لاڑکانہ اضلاع کے کمشنرز، ایس ایس پی سمیت دیگر افسران کی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

واضع رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ پروٹوکول کے عادی نہیں اور اب وزیر اعلیٰ بننے کے بعد بھی وہ کم سے کم پروٹوکول رکھیں گے مگر انکے قافلے کی صورتحال سے انکے دعوے محض دعوے ہی نظرآئے۔ دوسری جانب سکھر پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کی آمد سے قبل ہی سندھ بلوچستان قومی شاہراہ اور ایئر پورٹ کی طرف آنے اور جانے والے راستوں کو مختلف مقامات پر بند کردیا گیا جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید دوشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی روانگی کے بعد جیسے ہی ایئر پورٹ کی طرف آنے والے راستوں پر ٹریفک بحال ہوئی تو جلد بازی میں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔