رواں سال مئی اور جون میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تشویش ناک اضافہ ہوا

2ماہ میں غیرت کے نام پر 39قتل ‘زنا بالجبرکے 602‘گینگ ریپ کے 43،قتل کے 788،اغوا ء کے 2565‘اغوا برائے تاوان کے 6‘تیزاب گردی کے 15 ،گھریلو تشدد کے236 واقعات رونما ہوئے

اتوار 31 جولائی 2016 15:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 جولائی ۔2016ء) ملک بھر میں رواں سال مئی اور جون میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں تشویش ناک اضافہ ،2ماہ میں غیرت کے نام پر 39قتل ،زنا بالجبرکے 602،گینگ ریپ کے 43،قتل کے 788،اغوا ء کے 2565،اغوا برائے تاوان کے 6،تیزاب گردی کے 15 ،گھریلو تشدد کے236 واقعات رونما ہوئے۔ ذرائع کے مطابق مئی 2016 میں قتل کے 417واقعات رونما ہوئے جن میں 312لوگوں کو گرفتار کیا گیا اور 178لوگوں کے چالان عدالتوں میں پیش کئے گئے جبکہ 239کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔

دستاویزات کے مطابق مئی میں زنا بالجبر کے ملک بھر میں 343 مقدمات درج کئے گئے اور 258افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گینگ ریپ کے 23مقدمات درج کئے گئے اور 44افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں اغواء کے 1365 اور اغواء برائے تاوان کے 4مقدمات درج کئے گئے جبکہ 1408افراد کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق توہین رسالت پر 15 کیسز رجسٹرڈ کئے گئے اور صرف چھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق مئی میں مار پیٹ کے 74‘ غیرت کے نام پر قتل کے 20‘ تیزاب گردی کے 7 مقدمات درج کئے گئے اور صرف 87 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ان تمام کیسز میں ملزمان کی اکثریت تاحال گرفتار نہیں کی جاسکی۔ دستاویزات کے مطابق جون میں قتل کے 371مقدمات درج کئے گئے اور 353 افراد کو گرفتار کیا گیا اسی طرح ملک بھر میں جون میں زنا بالجبر کے 259 اور گینگ ریپ کے 20مقدمات درج کئے گئے جبکہ 359افراد کو گرفتار کیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق جون میں ملک بھر میں اغواء کے 1200اور اغواء برائے تاوان کے دو مقدمات درج کئے گئے جبکہ 1569 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح گھریلو تشدد کے 62‘ غیرت کے نام پر قتل کے 19 اور تیزاب گردی کے آٹھ مقدمات درج کئے گئے اور 104افراد کو گرفتار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :