عوامی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا،حمیدہ وحیدالدین

اتوار 31 جولائی 2016 15:25

لاہور۔31 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 جولائی ۔2016ء )صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ عوامی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنے زیر صدارت ڈی سی او آفس میں ہونے والے ارکان اسمبلی کے اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال، ڈی سی او مظفر خان سیال، ارکان صوبائی اسمبلی سید طارق یعقوب رضوی،پیر سید محمد محفوظ حسین مشہدی اور فائزہ مشتاق نے بھی شرکت کی۔صوبائی وزیر نے جاری منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ان سکیموں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں اس کے علاوہ انھوں نے موسم برسات کے پیش نظر ممکنہ سیلاب کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈی سی او نے بتایا کہ منتخب عوامی نمائندوں کے تجویز کردہ منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جارہا ہے، گزشتہ مالی سال کی متعدد سکیمیں پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہیں اور میں خود ان منصوبوں میں پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا ہوں۔ ناصر اقبال بوسال نے کہا کہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہونے کیلئے خدمت عامہ پر یقین رکھتا ہوں اور اپنے حلقے میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر کام کرارہا ہوں۔

سید طارق یعقوب رضوی نے کہا کہ علالت سے صحتیابی کے بعد دوبارہ حلقے میں جاری منصوبوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کیلئے ضلعی اور صوبائی حکومت سے مکمل رابطہ ہے۔ سید محفوظ حسین مشہدی اور فائزہ مشتاق نے بتایا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کی تجویز کردہ سکیموں کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے۔ ڈی سی او نے کہا کہ نئے مالی سال میں بھی صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔