مسلم لیگ (ن)کے راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے

راجہ فاروق حیدر کو 38ٗ پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسین اور پی ٹی آئی کے محی الدین کو 5ٗ5ووٹ ملے قائد ایوان کے چناؤ سے قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی پہلی ترجیح تحریک آزادی کشمیرہے، عوام کو ہر شعبے میں میرٹ پر یکساں مواقع فراہم کریں گے ٗراجہ فاروق حیدر

اتوار 31 جولائی 2016 14:57

مسلم لیگ (ن)کے راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء) مسلم لیگ (ن)کے راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم منتخب ہوگئے ۔ اتوار کو آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس نومنتخب سپیکر شاہ غلام قادر کی زیر صدارت ہوا جس میں ریاست کے نئے وزیر اعظم کا چناؤ ہوا، اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے مسلم لیگ (ن) کے فاروق حیدر، پیپلزپارٹی کے چوہدری یاسین اور تحریک انصاف کے غلام محی الدین مدمقابل تھے تاہم مسلم لیگ (ن) کے راجہ فاروق حیدر نے 38 ووٹس کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کی اور آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہوگئے۔

پیپلزپارٹی کے چوہدری یٰسین اور پی ٹی آئی کے محی الدین کو 5،5 ووٹ ملے۔49 نشستوں کے ایوان میں (ن) لیگ 36 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے ٗ اس کے علاوہ پیپلز پارٹی کی 4، مسلم کانفرنس کی 3، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی 2،2 ٗ ایک آزاد رکن اسمبلی کا ممبر ہے، مسلم لیگ (ن) کو جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی کو آزاد امیدوار ٗ تحریک انصاف کو مسلم کانفرنس کی بھی حمایت حاصل تھی۔

(جاری ہے)

قائد ایوان کے چناؤ سے قبل اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری نے بھارتی فوج اور حکومت کی مقبوضہ کشمیر میں جاری جارحیت اور مظالم کے خلاف مذمتی پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔یاد رہے کہ راجہ فاروق حیدر مسلم لیگ (ن )آزاد کشمیر کے صدر ہیں ان کا تعلق آزاد کشمیر کے ایک سیاسی گھرانے سے ہے۔ ان کے والد راجہ حیدر خان ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کے 2 بار صدر رہے ٗفاروق حیدر 1986 سے 1990 تک مسلم کانفرنس مظفرآباد کے ضلعی صدر کے عہدے پر بھی تعینات رہے ٗ1989 سے 2001 تک چیئرمین سینٹرل پارلیمانی بورڈ آف مسلم کانفرنس اور1997 سے 2001 تک مسلم کانفرنس کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہے۔

1985 سے 1991 تک آزادکشمیر کے سینئر وزیر اور وزیر تعلیم کا قلمدان ان کے پاس رہا ۔2003 سے 2006 تک وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی رہے۔2006 میں ممبر اسمبلی بننے کے بعد پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔راجہ فاروق حیدر خان نے 22 اکتوبر 2009 میں آزا د کشمیر کے نویں وزیراعظم کے طور پر 9 ماہ کام کیا۔وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اپنے خطاب میں راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پہلی ترجیح تحریک آزادی کشمیرہے، عوام کو ہر شعبے میں میرٹ پر یکساں مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں گورننس کو ٹھیک کریں گے، آزاد کشمیر کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لائیں گے اور تحریک آزادی کشمیرمیں آزاد کشمیر حکومت کے کردار کو اجاگر کریں گے۔