شیخوپورہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرکامیاب کارروائی کی گئی

مارے جانیوالے دہشتگرد تحریب کاری کی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ‘ذرائع سی ٹی ڈی

اتوار 31 جولائی 2016 13:38

لاہور/شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جولائی ۔2016ء)کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب شیخوپورہ میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرکامیاب کارروائی کی گئی ،مارے جانے والے دہشتگرد اہم مقامات پر تحریب کاری کی بڑی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جسے ناکام بنا دیا گیا ، دہشتگردوں کے فرار ہونے والے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے ۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور کالعدم لشکر جھنگوٗٗ کے دہشتگردوں کی موجودگی بارے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر بھرپور منصوبہ بندی کر کے کارروائی کی ۔ ذرائع کے مطابق دہشتگرداہم تنصیبات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے ۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد، دو ڈیٹونیٹر، تین موٹر سائیکلیں، تین کلاشنکوفیں، چار پستول ، بھاری تعداد میں گولیاں اور نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

دہشتگردوں کی لاشیں مقامی ہسپتال میں پوسٹمارٹم کے لئے منتقل کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے فرار ہونے والے تین ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں اور اسکے لئے سرچ آپریشن کا دائرہ کار وسیع کر دیاگیا ہے۔