شیخوپورہ‘ سی ٹی ڈی کی کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 7 دہشتگرد ہلاک

دہشت گرد، لاہور اور شیخوپورہ میں حساس تنصیبات اور اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد‘ ڈیٹونیٹر، تین کلاشنکوف، پسٹل، گولیاں اور حساس تنصیبات کے نقشے برآمد

اتوار 31 جولائی 2016 12:24

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 جولائی ۔2016ء) کاؤنٹر ٹیررز م ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی )کی ٹیم نے شیخوپورہ میں کارروائی کر کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 3 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔شیخوپورہ کی بھکھی نہر کے کنارے واقع گاوں چار چک رسالہ میں10 دہشت گرد، لاہور اور شیخوپورہ میں حساس تنصیبات اور اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ممکنہ کارروائیوں کی خفیہ اطلاع پرسی ٹی ڈی کی ٹیم گاوں پہنچ گئی ٹیم کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔سی ٹی ڈی کے جوانوں کی جوابی کارروائی میں 7دہشت گرد مارے گئے ،جبکہ 3 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، تین کلاشنکوف، پسٹل، گولیاں اور تین موٹرسائیکلوں کے ساتھ حساس تنصیبات کے نقشے برآمد کر لیے گئے۔مارے گئے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے، دہشت گردوں کی لاشوں کو شیخوپورہ اسپتال پہنچا دیا گیا۔فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر لی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :