میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے ، صحافیوں کی انشورنس ہونی چاہیے ‘ سینئر صحافیوں کا مطالبہ

میڈیا ہاؤسز دہشتگردی انتہاپسندی جارحیت اور فرقہ وارانہ فسادات پر محتاط پالیسی اختیار کریں ‘ تربیتی ورکشاپ سے خطاب

ہفتہ 30 جولائی 2016 20:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جولائی ۔2016ء) میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے ، صحافیوں کی انشورنس ہونی چاہیے ،کے پی کے میں جس طرح صحافیوں کی لائف انشورنس اور ہیلتھ انشورنس کی گئی ہے باقی تمام صوبوں کو بھی کے پی کے کی تقلید کرنی چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی ،عارف نظامی ، صدر لاہور پریس کلب محمد شہبازمیاں اور مہرتارڑ نے ایک غیر سرکاری تنظیم انڈویجوئل لینڈ کے زیر اہتمام ــــ میڈیا ہاؤسز کی سکیورٹی کے حوالے سے منعقدہ صحافیوں کی ایک تربیتی ورکشاپ کے دوران کیا۔

اس تربیتی ورکشاپ کی میزبانی کے فرائض این جی او کی منتظم سندس سیدہ اور معروف ٹی وی کمپیئر توثیق حیدرنے سر انجام دیے ۔مقررین نے کہا کہ میڈیا ہاؤسز کی ذمہ داری صرف مالکان کی ہی نہیں بلکہ مالکان اور حکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، تمام صحافتی اداروں کے مالکان کیلئے لازم ہے کہ وہ صحافی کارکنوں کی گروپ انشورنس اور ہیلتھ انشورنس کروائیں، دہشتگردی کے واقعات کی کوریج کے دوران صحافیوں کیلئے خصوصی ضابطہ کار طے ہونا چاہیے تاکہ ان کی زندگیوں کو لا حق ہونیوالے خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

میڈیا ہاؤسز کو چاہیے کہ جس قدر ہو سکے دہشتگردی انتہاپسندی جارحیت اور فرقہ وارانہ فسادات پر محتاط پالیسی اختیار کریں تاکہ ان کے اپنے لیے سکیورٹی کے مسائل پیدا نہ ہوں ۔