این ٹی ڈی سی میں 234طلباء کا انٹرشپ پروگرام اختتام پذیر

طلباء آگے بڑھیں اور ملک کی خدمت کریں‘ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری

جمعہ 29 جولائی 2016 20:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جولائی ۔2016ء) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی)کی زیر اہتمام ملک بھر کی 30یونیورسٹیوں سے 234طلباء کا انٹرنشپ پروگرام اختتام پذیر ہوگیا ۔ یہ پروگرام 6ہفتے قبل کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے اقدام کے تحت شروع کیا گیا تھا ۔ اس سلسلے میں واپڈا ہاؤس میں سرٹیفکیٹس اور وظائف کی تقسیم کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری تھے ۔

ایم ڈی این ٹی ڈی سی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے کامیاب انٹرن شپ مکمل کرنے پر طالب علموں کو مبارک باد دی اور کہا کہ طلباء کے والدین اساتذہ کرام بھی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے ان پر پیسے اور وقت کی سرمایہ کاری کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کوبجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت مختلف چینلجز درپیش ہیں اور بجلی کی طلب میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔ نوجوان انجینئرز اپنے اپنے شعبوں میں آگے بڑھیں اوراپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاور سیکٹر میں ٹیکنالوجی کے بدلتے ہوئے رجحانات سے لیس ہو کر ملک و قوم کی خدمت کریں ۔

اور یہ صرف گزرنے والے ہر لمحے کی خوداحتسابی سے ممکن ہوسکتا ہے ۔ ڈاکٹر فیاض احمد نے اپنے بیرون ملک کمپنیوں میں کام کرنے کا تجربہ اور مہارت بارے بھی طلباء کو بتایا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خدمت ان کا خواب تھا جو بطور ایم ڈی این ٹی ڈی سی تعیناتی پر پورا ہوا ۔این ٹی ڈی سی کا یہ انٹرن شپ پروگرام ملک کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس میں انجینئرنگ، اکاؤنٹس اینڈ فنانس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کے شعبوں سے طلباء کو سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں اور این ٹی ڈی سی کی مختلف شعبوں کی تجربہ کار افرادی قوت ان کی تکنیکی اور انتظامی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

پروگرام کے اختتام پرانٹرنشپ کرنیوالے طلباء کے لئے ایک تحریری امتحان کا انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے برہان احمد، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طیبہ، کنیئرڈ کالج کی سباتا خورشید اورسرگودھا یونیورسٹی کے عمر سجاد نے بالترتیب انجینئرنگ، فنانس، ایچ آر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ بعد ازاں ایم ڈی این ٹی ڈی ڈاکٹر فیاض احمد چودھری نے طلباء میں سرٹیفیکیٹس اور وظائف تقسیم کیے۔ اس موقع پر این ٹی ڈی سی کے جنرل مینیجرز، چیف انجینئرز، فنانس ڈائریکٹر، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن، ڈائریکٹرز اور دیگرافسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :