صدر مملکت نے نئے الیکشن کمیشن ممبران کی سمری پر دستخط کر دیے،نوٹیفکیشن جاری

پیر 25 جولائی 2016 23:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی سمری پر دستخط کر دیئے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے آئین کے آرٹیکل 15اے (1) کے تحت الیکشن کمیشن کے4ممبران کی تقرری کی سمری توثیق کیلئے صدر ممنون حسین کو بھجوائی تھی جس پر صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 2018(2)(b) کے تحت دستخط کر دیئے ہیں ۔

الیکشن کمیشن کے 4 ممبران کا تقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر)شکیل احمد بلوچ بلوچستان سے ،خیبر پختونخوا سے جسٹس (ر)ارشاد قیصر ،سندھ سے عبدالغفار سومرو اور پنجاب سے جسٹس(ر) الطاف ابراہیم قریشی الیکشن کمیشن کے رکن مقرر ہو گئے ہیں ۔چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نئے ارکان سے حلف لیں گے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق چار میں سے دو ارکان ڈھائی سال بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے اور ڈھائی سال بعد دو ارکان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ قرعہ اندازی سے ہو گا ۔ الیکشن کمیشن ارکان کا تقرر کے لئے تحریک انصاف نے طارق کھوسہ کا نام دیا تھا مگر طارق کھوسہ کی عمر 65 سال سے زائد ہے اور 65 سال سے زائد عمر کا کوئی بھی شخص رکن بننے کا اہل نہیں ہوتا۔