رینجرز کے اختیارات کی بحالی کے حق میں کراچی کے تاجروں نے چیف منسٹر ہاؤس پر دھرنے کا پروگرام نئے وزیرِاعلیٰ کی تقرری تک مؤخر کردیا

پیر 25 جولائی 2016 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) رینجرز کے اختیارات کی بحالی کے حق میں کراچی کے تاجروں نے چیف منسٹر ہاؤس پر دھرنے کا پروگرام نئے وزیرِاعلیٰ کی تقرری تک مؤخر کردیا ہے، تاجر برادری پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے وزیرِاعلیٰ کی تبدیلی اور رینجرز کے اختیارات کی بحالی کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے، امید ہے کہ اختیارات کا مسئلہ رواں ہفتے میں حل ہوجائیگا، امن کی قیمت پر کوئی حکومتی دلیل ِ قبول نہیں کرینگے، سندھ حکومت امن مخالف اقدامات سے گریز کرے، قیامِ امن کے تحت بیمثال کارکردگی پر پاکستان رینجرز کے قابلِ فخر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جرائم کے خاتمے کیلئے رینجرز کو پورے سندھ میں کم از کم تین سال کیلئے کاررائی کا اختیار دیا جائے، تمام امن پسند طبقات رینجرز کو اختیارات تفویض کرنے کے حق میں تاجروں کے ساتھ ہیں، یہ اعلان آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِصدارت پیر 25جولائی کو آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں منعقد کیئے گئے تاجروں کے ایک ہنگامی اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں شریک تاجر رہنماؤں اکرم رانا، انصار بیگ قادری، طارق ممتاز، زبیر علی خان، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، شیخ محمد عالم،سمیع اﷲ خان، سید شرافت علی، میر عبدالحئی خان،محمد آصف گلفام ، شاکر فینسی، سید محمد سعید، نسیم احمد، ضیاء عمر سہگل، امان اﷲ شاہ، سید کلیم الدین، حماد پونا والا، نعیم بٹ، نعمت اﷲ خان، سلیمان جیوانی،ملک محمد اسلم اور دیگر نے کہا کہ کسی بھی سازش کے تحت شہر میں 2013سے قبل کے ہولناک حالات دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو شہر دوبارہ موت کی وادی میں تبدیل ہوجائیگا، تاجروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پولیس کے ادارے میں بہتری اور شہر میں انصاف اور قانون کی حکمرانی اور بالادستی قائم ہونے تک رینجرز کی مستقل تعیناتی اور اختیارات تین سال کیلئے تفویض کیئے جائیں، تاجروں نے کہا کہ جو قوتیں رینجرز کے اختیارات کی مخالف ہیں انھیں اپنے مذموم مقاصد کیلئے امن کی فضاء راس نہیں، زیرِ زمیں روپوش جرائم پیشہ عناصر عوام اور تاجروں پر شب خون مارنے کیلئے رینجرز کی بے اختیاری کے منتظر ہیں، تاجروں نے کہا کہ بھتہ خوروں، اغواء کاروں، قاتلوں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کو دوبارہ موقع ملا تو وہ پہلے سے زیادہ خطرناک ہوجائینگے، تاجروں نے واضح کیا کہ شہر میں امن کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی گئی تو کراچی کا معاشی، سیاسی اور معاشرتی مستقبل تباہ ہوجائیگا، تاجروں نے کہا کہ تاجر برادری رینجرز کی کارکردگی سے پوری طرح مطمعین ہے، رینجرز کی کوششوں اور جرائتمندانہ اقدامات کی بدولت تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے، کاروباری مراکز میں خوف کی فضاء ختم، بھتہ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں 90%سے زائد کمی واقع ہوگئی ہے جبکہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی واضح طور پر کمی واقع ہونے سے شہر میں خوف و ہراس کی فضا کا خاتمہ ہوگیا ہے، تاجروں نے کہا کہ حکومتِ سندھ سیاسی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر بحالئیِ امن کو فوقیت دے، قیامِ امن کے تحت حکومتِ سندھ کے منفی اقدامات سے جمہوری عمل شدید متاثر اور عوام کا جمہوریت پر اعتماد ختم ہورہا ہے۔

متعلقہ عنوان :