پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہترین تعلقات ضروری ہیں ،دونوں ممالک کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ‘سراج الحق

افغانستان میں پائیدار امن ضروری ہے اور ہم امن و امان کے حوالے سے افغان عوام کو سپورٹ کریں گے‘امیر جماعت اسلامی

پیر 25 جولائی 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان بہترین تعلقات ضروری ہیں ،دونوں ممالک کے پاس دوستی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،اگر مسائل پیدا ہوتے ہیں تو دونوں کو نقصان ہوگا،باڈر کرائسسز کے بعدبات چیت کا آغازمثبت اقدام ہے ،افغانستان میں پائیدار امن ضروری ہے اور ہم امن و امان کے حوالے سے افغان عوام کو سپورٹ کریں گے۔

قوم جلد ازجلد کشمیر کوپاکستان کا حصہ اور کشمیری مسلمانوں کو بھارتی ظلم و جبر سے آزاددیکھنا چاہتی ہے جبکہ حکمران گزشتہ 70سال سے محض دعوؤں اور نعروں سے عوام کودھوکہ دے رہے ہیں ،کشمیر پر متفقہ قومی موقف اور پھر قومی ایکشن پلان کی طرح اس پر عمل درآمدسے ہی کشمیر کو بھارتی قبضے سے آزاد کروایا جاسکتا ہے ،29جولائی کو اسلام آباد میں کشمیر پر آل پارٹیز کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کے حل کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے ۔کشمیر کی آزادی تکمیل پاکستان کیلئے ضروری ہے ۔حکمرانوں نے 70سال میں پاکستان کے لئے بہنے والے خون کی پرواہ نہیں کی ،لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانیں نچھاور کی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں اب بھی بھارت کی جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشدد اور اذیت کو برداشت کررہے ہیں ۔

بھارتی فوج نے درندگی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں لیکن انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کی بنا پر بھارت کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھا ئی ،انہوں نے کہا کہ یہی ادارے مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کی علیحدگی کیلئے انتہائی سرعت سے سارے معاملات نپٹاتے ہیں اور جب کشمیر اور فلسطین کی بات ہوتی ہے تویہ گونگے بہرے بن جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر مستقل وزیر خارجہ کا تقرر کرے اور مستقل اور پائیدار خارجہ پالیسی اختیار کی جائے جس میں مسئلہ کشمیر کو سرفہرست رکھا جائے ۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خیبر پختونخواہ ہاؤس اسلام آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں 29جولائی کو کشمیر پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور کرپشن کے خلاف بھرپور جدوجہد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔