سپریم کورٹ کا نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس سے اپنے اپنے محکموں میں واپس جانے والے اہلکاروں کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کرنے کا حکم

ڈیپوٹیشن پرتقرریوں فیصلے کیخلاف دونوں اداروں کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی

پیر 25 جولائی 2016 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) سپریم کورٹ نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹر وے پولیس سے اپنے اپنے محکموں میں واپس جانے والے اہلکاروں کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے ڈیپوٹیشن پرتقرریوں فیصلے کیخلاف دونوں اداروں کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔ پیرکوجسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے این ایچ اے اور موٹر وے میں ڈپوٹیشن پر تعینات افسران کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔

اس موقع پر عدالت کو بتایا گیا کہ این ایچ اے اور موٹر وے سے ڈپوٹیشن پرآنے والے تمام ملازمین واپس اپنے محکموں میں چلے گئے ہیں جن کواپنے محکموں کی جانب سے دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا ڈیپوٹیشن پر پابندی عائد کرنا اور آنے والے ملازمین کو واپس اپنے محکموں میں بھیجنے کا مقصد انھیں بھوکا مارنا نہیں بلکہ ایک غلط روایت کو ختم کرنا تھا۔

(جاری ہے)

تمام ملازمین عدالت کے حکم پر اپنے محکموں میں واپس گئے ہیں اورتمام محکمے واپس آنے والے تمام ملازمین کوتنخواہوں کی ادائیگی کے پابند ہیں جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے محکمہ فوری ادائیگی کویقینی بنائیں۔ بعدازاں عدالت نے اس حوالے سے حکم جاری کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :