اورنج ٹرین روزانہ غریب عوام کو4کروڑ27لاکھ50ہزار کا ٹیکہ لگائے گی‘میاں محمود الر شید

فائدہ صرف لاہور کی دو فیصد سے بھی کم آبادی اٹھائی گئی اور پنجاب کے 10کروڑ سے زائد عوام اپنی اگلی نسلوں تک سود سمیت قرضہ ادا کرتی رہیں گی‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب

پیر 25 جولائی 2016 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہااورنج ٹرین نے چلنے سے پہلے4درجن کے قریب افراد سے زندگی چھین لی اورجب چلے گی تو ملکی معیشت کو تباہ برباد کر دیگی،اورنج ٹرین میں روزانہ اڑھائی لاکھافرادسفر کرینگے،171کی بجائے40روپے فی کس کرایہ وصول کیا جائیگا اور حکومت فی مسافر131روپے سبسڈی فراہم کریگی۔

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حکومتی دعویٰ سچ مان لیا جائے تو اس طرح اورنج ٹرین روزانہ4کروڑ27لاکھ50ہزار میں پڑے گی اور ٹکٹوں کی وصولی کی مد میں روزانہ ایک کروڑ اکھٹا ہو گا اس طرح غریب قوم کو روزانہ3کروڑ27لاکھ50ہزار، ماہانہ98کروڑ25لاکھ اورسالانہ11 ارب 79کروڑ روپے کا ٹیکہ لگایاجائے گا، میاں محمودالر شید نے کہا کہ فائدہ صرف لاہور کی دو فیصد سے بھی کم آبادی اٹھائی گئی اور پنجاب کے 10کروڑ سے زائد عوام اپنی اگلی نسلوں تک قرضہ سود سمیت ادا کرتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے صوبے میں 6ماہ کے دوران652بچوں کے اغوا ء یا لاپتہ ہونے پر اسمبلی تحریک التوائے کار جبکہ لاہور میں اورنج ٹرین لائن پر کام کرنے والے ڈمپر کی ٹکڑ سے 5افراد کے جاں بحق ہونے پر قرار داد جمع کرادی۔ قائد حزب اختلاف نے مطالبہ کیا کہ حکومت پنجاب بچوں کے اغواء کی وارداتیں روکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے، جلد از جلد مغوی بچوں کی بازیابی یقینی بنائے اور پولیس سے جواب طلب کرتے ہوئے ایوان میں اس مسئلے پر بحث کرائی جائے، میاں محمود الر شید کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد میں ڈمپر کی ٹکڑ سے 5افراد کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ لواحقین کو مالی امداد کی جائے اور فی الفور قاتل منصوبے کو روکا جائے اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔