راولپنڈی سے اسلام آباد بھارتی سفارتخانے تک کشمیر مارچ بہت ہی کامیاب اور عظیم الشان تھا ، پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،بھارت لاکھ ظلم و تشدد کرے ، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا ، آزادی کی نورانی صبح کشمیر یوں کا ضرور مقدر بنے گی

سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس اور وفود سے گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 21:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد بھارتی سفارتخانے تک کشمیر مارچ بہت ہی کامیاب اور عظیم الشان تھا ، پاکستان کے عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں ،بھارت لاکھ ظلم و تشدد کرے ، کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملے گا اور آزادی کی نورانی صبح کشمیر یوں کا ضرور مقدر بنے گی ۔

پیر کومنصورہ میں انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے فوج کے اقتدار سنبھال لینے ، جنرل راحیل شریف کی حمایت میں بینرز لگانے پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پر سنگین الزامات لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ قوم کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کریں ایسا عمل کوئی بھی کرے وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت بہت سنگین ہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت مخالف تحریک کے مرحلہ پر اپوزیشن جماعتوں میں اختلافات بڑی بدقسمتی ہے۔ملک میں سیاسی ، انتظامی اور معاشی بحران سنگین ہے ۔ اپوزیشن وفاقی حکومت سے استعفیٰ ، تبدیلی کے مطالبات کر رہی ہے لیکن خیبر پختونخوا اور سندھ میں تبدیلی کے مطالبات شروع ہو گئے ہیں ۔ اگرچہ یہ معاملات پی پی پی اور پی ٹی آئی کے اندرونی ہیں لیکن قومی سیاست اور جمہوری جدوجہد کے لیے نقصان دہ ہیں ۔

لیاقت بلوچ نے اورنج لائن ٹرین کی تعمیر کے متاثرین کے وفد سے گفتگو میں کہاکہ اورنج لائن ٹرین تعمیراتی کام میں حادثات مسلسل بڑھ رہے ہیں ۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شہرلاہور کے عوام پریشان ہیں ۔ تعمیراتی کام کے لیے حفاظتی نظام بہت غیر معیاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف گھر کے اس اہم کام کی بھی خبر لیں ۔