آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی 3 روزہ گلوبل کانفرنس یکم اگست کو دوبئی میں ہو گی

پارٹی چیئرمین پرویز مشرف صدارت کرینگے، کانفرنس میں پارٹی کو2018کے انتخابی میدان میں اتارنے کا روڈ میپ طے کیاجائے گا، ڈاکٹر امجد

پیر 25 جولائی 2016 21:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی تین روزہ گلوبل کانفرنس یکم اگست 2016کو دوبئی میں پارٹی چیئرمین جنرل(ر)پرویز مشرف کی زیرصدارت شروع ہورہی ہے۔کانفرنس میں دنیا بھر سے پارٹی کے تمام چیپٹرز سے اراکین شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں قومی و بین اقوامی سیاسی صورتحال پر غور کیاجائے گا اور اے پی ایم ایل کے مستقبل کا لائحہ عمل بھی طے کیاجائے گا۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کی گلوبل کانفرنس یکم تا 3اگست دوبئی میں منعقد ہورہی ہے۔کانفرنس کی صدارت اے پی ایم ایل کے سربراہ جنرل(ر)پرویز مشرف کریں گے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین شرکت کریں گے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں موجودہ قومی و بین الاقوامی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا ۔

کانفرنس میں پارٹی کے تمام قومی و بین الاقوامی چیپٹرز قیادت کوپارٹی کے تنظیمی امور اورپارٹی کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دیں گے جس کی روشنی میں مستقبل کا لائحہء عمل طے کیاجائے گا۔اس حوالے سے پارٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ گلوبل کانفرنس میں پارٹی کو2018کے انتخابی میدان میں اتارنے کا روڈ میپ طے کیاجائے گااور آل پاکستان مسلم لیگ گلوبل کانفرنس کے بعد عوام کو واضح طور پر ابھرتی ہوئی جماعت کے طور پر نظرآئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ 20کروڑ پاکستانی عوام کو موجودہ مفلوج نظام سے نجات دلائی جائے اور یہ بات ثابت شدہ ہے کہ عوام کو اس نظام سے جنرل(ر)پرویز مشرف ہی نجات دلا سکتے ہیں ۔