بھارتی وزیر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ہائیکورٹ آفس کا اعتراض برقرار

درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت‘ کشمیریوں کاقتل عام کیاجارہا ہے ،دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے‘ درخواست گزار

پیر 25 جولائی 2016 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر ہائی کورٹ آفس کے اعتراض کو برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی ۔ پیر کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے درخواست کی سماعت کی ۔مقامی وکیل راناعبدالحمید نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کیخلاف کارروائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری پنجاب سمیت بھارتی وزیراعظم کوفریق بنایاگیا۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ عالمی دہشتگرد بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے حکم پر کشمیریوں کاقتل عام کیاجارہا ہے اور کرفیو نافذ کر کے شہریوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے مزید کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم کے ہاتھ معصوم شہریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ نریندرمودی کیخلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی کاحکم دیاجائے۔ ہائی کورٹ آفس نے درخواست پر ناقابل سماعت ہونے پر اعتراض لگایا تھا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ہائیکورٹ آفس کااعتراض برقرار رکھا اور درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :