بنوں پولیس نے آرمی چیف اور دیگر سیاستدانوں کے حوالے سے مقامی تنظیم کا ریفرنڈم ناکام بنادیا، تنظیم کا بانی گرفتار

ریفرنڈم سے متعلق اطلاعات پر پولیس نے محمد اسلم کو گرفتار کیا، تفتیش کا آغاز کردیا، ڈی پی او قاسم علی خان کی میڈیا سے گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 20:48

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) پولیس نے بنوں میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور دیگر سیاستدانوں کے حوالے سے مقامی تنظیم کی طرف سے ریفرنڈم ناکام بناتے ہوئے تنظیم کے رہنما محمد اسلم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پیر کو بنوں میں پریس کلب کے سامنے مقامی تنظیم کی طرف سے آرمی چیف اور سیاستدانوں میں مقابلہ کا ریفرنڈم کرایا گیا جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او)قاسم علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنوں پریس کلب کے باہر مذکورہ ریفرنڈم سے متعلق اطلاعات موصول ہونے پر پولیس نے مقامی تنظیم کے بانی محمد اسلم کو گرفتار کیا۔ریفرنڈم کا آغاز صبح 9 بجے ہوا اور درجنوں لوگوں نے اس حوالے سے اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا،ڈی پی او کے مطابق پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا، ابتدائی طور پر ملزم محمد اسلم نے بتایا کہ اس ریفرنڈم کا مقصد ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور ایک مخلص قیادت کا انتخاب تھا، جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ محمد اسلم سے ایک بیلٹ باکس اور 200 بیلٹ پیپرز بھی برآمد کیے گئے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی نے اس ریفرنڈم کو ریاست کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے باقاعدہ انکوائری ہونی چاہیے۔واضح رہے کہ یہ ریفرنڈم ایک مقامی تنظیم کی جانب سے منقعد کیا گیا، جس میں لوگوں سے پوچھا گیا کہ مستحکم پاکستان کے لیے وہ آرمی چیف یا سیاستدانوں میں سے کس کو پاکستان کی سربراہی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔مذکورہ ریفرنڈم کا آغاز صبح 9 بجے ہوا اور درجنوں لوگوں نے اس حوالے سے اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا، تاہم ابھی ریفرنڈم جاری ہی تھا کہ بنوں پولیس پریس کلب کے باہر پہنچ گئی اور اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

متعلقہ عنوان :