Live Updates

تحریک انصاف نے وزیراعظم ،وزیراعلیٰ پنجاب اوروزیر خزانہ کیخلاف نیب میں شکایت جمع کرادی

شکایت میں ان شخصیات کی جائیدادوں اور ٹیکس کی تفصیلات درج نیب دفتر کے باہر احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکن آپس میں الجھ پڑے ، میڈیا کے نمائندوں سے بدتمیزی اور تشدد،6 صحافی وکیمرہ مین زخمی،عمران خان کی واقعے پر معذرت ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی

پیر 25 جولائی 2016 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء ) تحریک انصاف نے وزیراعظم نوازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اوروزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف نیب میں شکایت جمع کرادی جس میں ان شخصیات کی جائیدادوں اور ٹیکس کی تفصیلات درج ہیں،نیب دفتر کے باہر احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکن آپس میں الجھ پڑے اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی بدتمیزی کی ا س دوران کیمرہ مینوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے میڈیا کے 6 نمائندے زخمی ہو گئے،پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں سے بد تمیزی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی جبکہ تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں نے مقامی تھانے میں مقدمے کی درخواست دیدی ۔

پیر کو تحریک انصاف کے رہنما سیف اﷲ نیازی کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد نیب ہیڈکوارٹر کے باہر پہنچی جہاں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف نیب میں شکایت جمع کرادی جس میں وزیراعظم نوازشریف ،وزیراعلی پنجاب شہباز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیدادوں اور ٹیکس کی تفصیلات درج ہیں۔

(جاری ہے)

نیب کے باہر احتجاج کے دوران پی ٹی آئی کارکنان آپس میں الجھ پڑے اور کوریج کیلئے آنے والے صحافیوں اور کیمرہ مینوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اس تشدد سے میڈیا کے 6کارکن زخمی ہو گئے۔

سیف اﷲ نیازی نے کارکنوں کو پرامن کیا اور صحافیوں کو کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔صحافیوں نے مقامی تھانے میں مقدمے کی درخواست دیدی ہے۔اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے صحافیوں کو مارنے والے کارکنوں کو پارٹی سے نکالنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے واقعے پر معذرت کرتے ہوئے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات