اسلام آباد کی پائیدار ترقی نوجوانوں کی شرکت کے بغیر ناممکن ہے، ثناء اللہ امان

پیر 25 جولائی 2016 20:03

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی ۔2016ء) سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات ثناء اللہ امان نے کہا کہ اسلام آباد کی پائیدار ترقی نوجوانوں کی شرکت کے بغیر ناممکن ہے، متحرک اور سماجی کاموں میں قیادت کا رجحان رکھنے والے نوجوان معاشرے کا بہترین اثاثہ ہیں، ایسے ہی نوجوانوں کی وجہ سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا عمل شروع ہوگا،شہر کومثالی بنانے کے تمام اقدامات میں شہریوں کو شامل کرنے کوشش کی جارہی ہے، جس میں نوجوانوں کی شرکت کو ترجیح حاصل ہے ۔

وہ اسلام اباد کلب میں اسلام آباد ڈیوکام سینٹینئیل لیو کلب کی سالانہ حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ثناء اللہ امان نے کہا کہ اسلام آباد ڈیوکام سینٹی نیئل لیو کلب کے صدر شارف منیر کی شہر کو ’زیرو فوڈ ویسٹ‘ کی سطح پر لے جانے کا عزم ایک انتہائی قابل قدر کوشش ہے جس میں سی ڈی اے مجموعی طور پر اپنا کردار اداکرنے کے لئے تیار ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسلام آباد ڈیوکام سینٹی نیئل لیو کلب کے صدر شارف منیر نے اپنے خطاب میں ہوٹلوں اور شادیوں کی تقریبات میں ضائع ہو نے والی خوراک کے تدارک کے لئے ایک منظم تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا، شارف منیر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک سروے مکمل کیا جا چکا ہے جیسے ہی تجزیہ مکمل کر لیا جائے گا تو مختلف مراحل پر مشتمل یہ تحریک باقاعدہ شروع کر دی جائے گی۔

شارف منیر نے اسلام آباد کی ماحولیاتی بہتری، غریب نوجوانوں کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی فراہمی میں مدد دینے کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلات سے بھی اگاہ کیا۔ اس موقع پر لائنز کلب انٹرنیشنل کی ڈسٹرکٹ گورنر ستارہ سطوت اور سی ڈی اے کے ممبر ماحولیات اور مالیاتی مشیر ثناء اللہ امان نے اسلام آباد ڈیوکام سینٹی نیئل لیو کلب کے عہدیداران سے اپنی ذمہ داریاں احسن طریوے سے نبھانے کا حلف لیا اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

ڈسٹرکٹ گورنر ستارہ سطوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کو دنیا کے سارے معاشرے انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں ان کو نمایاں حیثیت حاصل ہو تی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لائنز کلب انٹرنیشنل نے لیو کلب کی شاخیں ملک بھر میں پھیلانے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو سماجی کاموں میں شرکت کی ترغیب دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :