شہر میں قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے،ایڈمنسٹریٹرکراچی

پیر 25 جولائی 2016 19:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 جولائی ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے خصوصاً سڑکوں اور چورنگیوں پر موجود ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات اور پتھاروں کو فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ تجاوزات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو سہولت میسر آئے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات نے جیلانی مسجدگارڈن اورفوارہ چوک، نشترروڈ پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے درجنوں کی تعداد میں پتھارے، ٹھیلے، ٹھیے، اسٹیل کے کاؤنٹرز، کیبن اور دیگر تجاوزات کو ہٹادیا جس سے پیدل چلنے والوں کو آسانی میسر آئی اور ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کارروائی کی نگرانی محکمہ انسداد تجاوزات کے ڈائریکٹر مظہر خان نے کی، اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرنعمان احمد، محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ اور علاقہ پولیس بھی موجود تھی۔

یہ کارروائی علاقہ مکینوں کی شکایات پر کی گئی، شہریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ انہیں سڑکوں، چورنگیوں اور فٹ پاتھوں پر موجود تجاوزات سے نجات دلائی جائے کیونکہ یہ صورتحال شہریوں کے لئے متعدد مسائل کا سبب بنی ہوئی ہے جس میں ٹریفک جام، فٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والوں کے لئے مشکلات جیسے مسائل سرفہرست ہیں لہٰذا ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اس کارروائی کو پورے علاقے میں تجاوزات کے خاتمے تک جاری رکھا جائے۔