پاک بحریہ کی جنگی مشق "شمشیر بحر"VI کا کراچی میں باقاعدہ آغاز

پیر 25 جولائی 2016 17:18

اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جولائی ۔2016ء) پاک بحریہ کی جنگی مشق "شمشیر بحر"VI کا کراچی میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ دو سال کے وقفہ سے کے بعد ہونے والی اس مشق کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود تھے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ذکاء اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مشق کے مقاصد اور اس میں زیرِ مشاہدہ تجربات پر ورشنی ڈالی اور مشق کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر حالیہ خطرات میں سمندری حدود کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "شمشیرِ بحر "VIتینوں افواج کی ایک مشترکہ مشق ہے جس میں متعلقہ وزارتوں کی بھی نمائندگی ہوتی ہے، یہ مشق ہر دو سال بعد منعقد ہوتی ہے اور اس میں مختلف جنگی نظریات کو فیلڈ کی مشقوں میں آزمانے کے بعد بحری حکمتِ عملی کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عسکری منصوبہ سازی کے عمل میں مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عہد ِ حاضر کی دنیا میں پیچیدگی، خطرات اور شکوک و شبہات کا ذکر کیا۔ جس سے نمٹنے کیلئے جنگی مشقوں کا باقاعدگی سے انعقاد بہت اہم ہے تا کہ نئے نظریات اور ڈاکٹرائن اخذ کئے جا سکیں۔ مہمانِ خصوصی نے فورس کمانڈر کی جانب سے خطرات کے حقیقت پسندانہ جائزے، مفصل منصوبہ سازی اور بے لاگ تجزیے کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور گوادر پورٹ کے قیام کے بعد پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں کئی گُنا اضافہ ہوجائے گا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشق کے دوران اِس پہلو پر بھی غور کیا جائے گا۔ مسلح افواج کے سینئر افسران اور بیوروکریٹس سمیت وفاقی وزارتوں کے نمائندگان اِس تقریب میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :