Live Updates

امید ہے سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کے آنے سے بہتری ہوگی‘ عمران خان کی الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر تنقید بلا جواز ہے‘ شاہ محمود قریشی کو اعتماد میں لیا تھا، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی سپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

پیر 25 جولائی 2016 16:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ امید ہے سندھ میں نئے وزیراعلیٰ کے آنے سے بہتری ہوگی‘ عمران خان کی الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری پر تنقید بلا جواز ہے‘ شاہ محمود قریشی کو اعتماد میں لیا تھا۔ وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات سے قبل میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی اور قائد حزب اختلاف کی ملاقات میں پارلیمانی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے لئے میڈیا میں مراد علی شاہ کا نام سن رہے ہیں۔ امید ہے نئے وزیراعلیٰ کے آنے سے بہتری ہوگی۔ مجھے بھی نئے وزیراعلیٰ کی خبر کا میڈیا سے پتہ چلا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تنقید بلا جواز ہے ممبران کی تقرری پر شاہ محمود قریشی کو اعتماد میں لیا تھا۔ جسٹس (ر) الطاف کے نام پر شاہ محمود قریشی نے رضامندی ظاہر کی تھی۔ جسٹس طارق کھوسہ کے نام پر خود پی ٹی آئی معترض تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات