بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر چوہدری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کرلیا

پیر 25 جولائی 2016 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سے استعفیٰ طلب کرلیا‘ چوہدری عبدالمجید نے استعفیٰ بلاول بھٹو کو بھجوا دیا‘چوہدری یاسین کو پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیر کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کو ٹیلی فون کیا اور انتخابات میں پارٹی کی شکست اور ناقص کارکردگی پر استعفیٰ طلب کرلیا۔ چوہدری عبدالمجید نے اپنا استعفیٰ بلاول ہاؤس بھجوا دیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آپ پانچ سال وزیراعظم رہنے کے باوجود کشمیر میں پیپلز پارٹی کو نہ جتوا سکے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی طرف سے چوہدری یاسین کو پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔