پشاور،لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہریوں کا احتجاج ، مین لائن کو گرانے کی کوشش

مظاہرین نے ورسک روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ،حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی

پیر 25 جولائی 2016 11:44

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 جولائی ۔2016ء) پشاور میں ورسک کے قریب رہائش پذیر شہری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ، مظاہرین نے بجلی کی مین لائن کو رسیاں ڈال کر گرانے کی کوشش کی۔ پشاورمیں محال تیرائی اور ملحقہ دیہات کے شہری بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈنڈہ بردار مظاہرین نے ورسک روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے انڈسٹریل سٹیٹ کو جانے والی بجلی کی مین لائن پر رسیاں ڈال کر گرانے کی کوشش بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے میں شدید گرمی کے باوجود بیس سے 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے بچوں ، بوڑھوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ تاہم وہ مظاہرین کو روکنے میں ناکام نظر آئی۔ بعد ازاں پیسکو حکام کی جانب سے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے اور بجلی کا فیڈر تبیل کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :