بہن کی قربانی رنگ لے آئی‘ وزیر اعلی کا سمیعہ مجاہد کی بہن کیلئے بھی ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان

ہفتہ 23 جولائی 2016 22:26

بہن کی قربانی رنگ لے آئی‘ وزیر اعلی کا سمیعہ مجاہد کی بہن کیلئے بھی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء )وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کم وسیلہ خاندانوں سے تعلق رکھنے والی طالبات سمیعہ مجاہد اور اقراء بی بی کی اساتذہ شاہدہ سعید اور انیلہ مسعود کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح ان اساتذہ نے ان دو بچیوں کی تعلیم کے حصول میں مدد کی ہے وہ لائق تحسین ہے جبکہ سمیعہ مجاہد کی بہن حفصہ مجاہد جو کہ خود بھی سکول میں پڑھتی ہے اس نے اپنی بہن کا کام اپنے ذمہ لیا تا کہ اس کی بہن سمیعہ تعلیم حاصل کر سکے - مجھے خوشی ہے کہ سمیعہ کی بہن حفصہ نے بھی امتحان میں 971 نمبر حاصل کئے ہیں اور اپنی بہن کے لئے قربانی بھی دی ہے - وزیر اعلی نے حفصہ مجاہد کے لئے بھی ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا-اساتذہ انیلہ مسعود اور شاہدہ سعید نے بتایا کہ دونوں بچیوں کے خاندان کے پاس مالی وسائل بہت کم ہیں جس کے باعث انہوں نے سکول چھڑایا تا ہم ہماری جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر بچیوں کو سکول داخل کرایا گیا اور دونوں بچیوں نے میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کی-طالبات سمیعہ مجاہد اور اقراء بی بی نے وزیر اعلی کے استفسار پر بتایا کہ ہم مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہیں اور آپ نے ہمیں یہاں بلا کر ہماری بڑی حوصلہ افزائی کی ہے - جس پر وزیر اعلی نے کہا کہ آپ جب تک تعلیم حاصل کرنا چاہیں پنجاب حکومت آپ کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی تا ہم آپ کو تعلیم کے میدان میں اپنی کارکردگی برقرار رکھنا ہوگی- اگر آپ بیرون ملک بھی تعلیم حاصل کرنا چاہیں تو بھی پنجاب حکومت آپ کے تمام اخراجات برداشت کرے گی-