صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں صوبے میں غریب اور امیر کافرق ختم کرکے حقیقی تبدیلی لارہی ہے،پرویزخٹک

اب تک غریبوں کا استحصال ہوتا رہا۔ صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر 27 سو ڈاکٹرز کی بھرتی شروع ہوچکی ہے ،چترال سے کوہستان تک عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر مل سکیں۔ صوبے میں بلدیاتی نظام کے تحت دیہاتوں میں صفائی کا آغاز آئندہ دو ہفتوں میں ہوگا،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 23 جولائی 2016 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت حقیقی معنوں میں صوبے میں غریب اور امیر کافرق ختم کرکے حقیقی تبدیلی لارہی ہے۔ اس کی راہ میں رکاوٹیں دور کی جارہی ہے اور انہیں قانونی اورآئینی تحفظ فراہم کررہی ہے۔جس کے لیے اسمبلی سے قوانین منظور کئے جارہے ہیں تاکہ آئندہ کسی بھی حکومت کویہ اقدامات ختم کرنے کی جرات نہ ہو۔

اب تک غریبوں کا استحصال ہوتا رہا۔ صوبے میں ہنگامی بنیادوں پر 27 سو ڈاکٹرز کی بھرتی شروع ہوچکی ہے تاکہ چترال سے کوہستان تک عوام کو صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر مل سکیں۔ صوبے میں بلدیاتی نظام کے تحت دیہاتوں میں صفائی کا آغاز آئندہ دو ہفتوں میں ہوگا۔

(جاری ہے)

جس کے لیے فنڈز بلدیاتی اداروں کوفراہم کردئیے ہیں۔ اپنا سیاسی قد کاٹ بڑھانے کے لیے مخالفت برائے مخالفت کی سیاست کرکے اپنے آپ کو سیاست میں زندہ رکھنے کی کوشش کررہے ہیں وہ اضاخیل بالا میں ایپکا کے سابق صوبائی صدر سیاسی رہنما ملک عمر حیات خان، ملک سکندر خان اوران کے پورے خاندان اور ساتھیو ں کی پی پی پی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر عمر حیات خان اوران کے ساتھیوں نے پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پی ٹی آئی میں شمولیت کااعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ان کو پی ٹی آئی کی ٹوپیاں پہنائیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کاکاخیل، ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خٹک، ایم این اے ڈاکٹرعمران خٹک، تحصیل ناظم رضا اﷲ خان، تحصیل نائب ناظم زر عالم خان، تحصیل کونسلرز احد خٹک، امجد اعظم اور مقامی کونسلرز اور ناظمین بھی موجود تھے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو اس ملک کے غریبوں کی فکر ہے اور ان کی سیاست کامحور غریب عوام ہیں اور پی ٹی آئی کا منشور عام آدمی کی زندگی میں بہتر ی لانا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے بیشتر وسائل غریب کی حالت زندگی بہتر بنانے پر خرچ کرنے پر کوشاں ہے اوریہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پہلے دن سے غریب عوام کی تھانہ ،پٹوار محکمہ ما ل اورانتظامی دفاتر میں عزت نفس بحال کرنے اور غریب کی بات کو اہمیت دینے اور کرپشن ،کمیشن ،تھانہ اور پٹوار کلچرکے خاتمے پر توجہ دی ہے۔

ہمیشہ بیورو کریسی کاسرخ فیتہ ہمارے آڑے آتا رہا مگر ہم نے اس کی کوئی پروا نہیں کی۔ کیونکہ نہ میں کرپٹ ہوں اورنہ میرے خاندان کا کوئی فردکرپشن میں ملوث ہے جب ہم چوری نہیں کریں تو کسی کو چوری کرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تھانوں، انتظامیہ دفاتر کے ساتھ تعلیم صحت سمیت تمام محکموں سے سیاسی مداخلت ختم کردی ہے۔ اب کسی بھی محکمے میں سیاسی بنیادوں پر تقرریاں اور تبادلے نہیں ہوسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل یکساں بنیادوں پر خرچ کیے جارہے ہیں اور صوبے کے کونے کونے میں ترقیاتی عمل جاری ہے۔انھوں نے کہا کہ تما م ملازمتیں میرٹ پر کردی ہے جس میں امیر اورغریب کافرق ختم ہوگیا ہے اور اب صرف اور صرف قابلیت کی بنیا د پرتقریاں اور تبادلے کیے جارہے ہیں ہم ماضی کی غلطیاں بھلاناچاہتے ہیں نئے سفرکاآغاز ہوچکا ہے۔اس صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قابل نوجوانوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتیں بے روزگاری میں بڑی حدتک کمی نہیں لاسکتے وقت کاتقاضا ہے کہ بے روزگاری کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کارخانے قائم کئے جارہے ہیں اور اس کے لیے تربیت یافتہ ورکرز کی تربیت کاسلسلہ شروع ہوچکا ہے حطار اور جلوزئی میں آئندہ چند ماہ سے کارخانے کام شروع کررہے ہیں۔جبکہ پشاور اسلام آباد موٹر وے پربہت بڑی صنعتی بستی قائم کی جارہی ہے۔

جس میں ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کوروزگار ملے گا۔ حکومت چھوٹے زمینداروں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کو یاد دلایا کہ وہ صوبے میں جو دہشت گردی سے متاثرہ ہیں، میں اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر کام شروع کرے چشمہ رائٹ بینک کینال،منڈا ڈیم پیہور ہائی لیول کینال، چترال ڈیم، بھاشا ڈیم پر کام شروع کرے تاکہ صوبے کو پانی کا حق ملے اور یہاں پر زرعی انقلاب برپا ہواور توانائی بحران میں کمی آسکے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف کوئلے سے مہنگی بجلی بنانے پر کیوں اتنی توجہ دے رہے ہیں۔ جبکہ خیبرپختونخوا میں پانی سے سستی بجلی بن سکتی ہے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے حق کے لئے آواز اُٹھائیں۔ وفاقی حکومت بجلی اورگیس سمیت معدنی وسائل کے خالص منافع کی ادائیگی کویقینی بنائیں اورلیت ولعل کے بجائے عملی اقدامات اٹھائیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے پولیس کو اس لیے بااختیار بنایا کہ وہ تھانوں میں غریب عوام کو عزت دیں غلط ایف آئی آر کا اندرج نہ ہو اورکرپشن ختم ہو۔انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو بورڈ کے حوالے کردیا 27 سو ڈاکٹرز کی بھرتی کاکام جاری ہے۔ مذید 03ہزار ڈاکٹربھرتی کیے جائیں گے ۔ اور صحت اور تعلیم کو مربوط نظام کے تحت کردیا ہے ۔ اب جو ڈاکٹر جس ہسپتال اور جو استاد جس سکول پر بھرتی ہوگا اسی سے وہ ریٹائرڈ ہوگا۔

اساتذہ کو نتائج دکھانا ہوں گے اورنتائج کی بنیاد پر اساتذہ کی ترقی ہو سکے گی۔انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔ اور غیر معیاری میٹریل استعمال ہونے نہ دیں تاکہ دیر پا ترقیاتی منصوبوں کو سالوں تک بروکار لائے جاسکیں۔ انھوں نے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکیدار کو خبردار کیا کہ وہ ناقص اور غیر معیاری میٹریل استعمال نہ کریں۔

غلط اور ناقص میٹریل استعمال کرنے والے ٹھیکدار کے خلاف عوام براہ راست مجھے شکایات ارسال کریں۔ ایسے ٹھیکیدار کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں وہ مفاد پرست اور روایاتی سیاست دانوں کو دوبارہ منتخب ہونے کا موقع نہیں دیں گے اور تحریک انصاف کوآنے والے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کرکے ترقی اور خوشحالی کاسفر جاری رکھیں گے ۔انشاء اﷲ عوام کو اپنی کارکردگی سے نہ ہی پہلے مایوس کیا تھا اورنہ آئندہ کریں گے۔