پاکستان پوسٹ ممتاز سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ جاری کرے گا

ہفتہ 23 جولائی 2016 21:47

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 جولائی ۔2016ء) پاکستان پوسٹ ممتاز سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یوم آٰزادی کے موقع پر خصوصی یادگاری ڈاکٹ ٹکٹ جاری کرے گا۔ پاکستان پوسٹ کے حکام کے مطابق محکمہ ڈاک ہر سال ملک کے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کرتا ہے۔

(جاری ہے)

رواں برس یوم آزادی کے موقع پر دو ڈاکٹ ٹکٹ جاری کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جن میں سے ایک عبدالستار ایدھی مرحوم کے اعزاز میں اور دوسرا 70ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں جاری کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایدھی کے اعزاز میں جاری ہونے والے ڈاک ٹکٹ کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے۔ ٹکٹ کے خاکہ میں عبدالستار ایدھی مرحوم کا پنسل سے بنایا گیا تصویری خاکہ تیار کیا گیا ہے جو محکمہ کے اعلیٰ حکام سے حتمی منظوری کے مراحل میں ہے۔ ٹکٹ کیلئے جو تحریر مرتب کی گئی ہے وہ بھی وزارت مواصلات و پوسٹل سروسز کو منظوری کیلئے ارسال کی گئی ہے جس کے بعد حتمی منظوری کے لئے وزیراعظم آفس کو ارسال کیا جائے گا۔