سی ڈی اے، آئیسکو اور محکمہ سوئی گیس کی ناقص کارکردگی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اہم رکاوٹ ہے‘ تاجر برادری

ہفتہ 23 جولائی 2016 21:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) جناح سپر مارکیٹ اسلام آباد کی نومنتخب ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور ایگزیکٹو ممبران نے ایسو سی ایشن کے صدر قاضی محمد الیاس کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور کہا کہ تاجر برادری کے زیادہ تر مسائل سی ڈی اے، آئیسکو اور محکمہ سوئی گیس سے تعلق رکھتے ہیں لیکن یہ ادارے تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

قاضی محمد الیاس نے کہا کہ مارکیٹ میں جب آئیسکو کاکوئی ٹرانسفارمر خراب ہو جاتا ہے تو محکمہ ان کی مرمت کیلئے تاجروں سے پیسے لیتا ہے جو لاکھوں میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو مارکیٹ میں کوئی کیبل خراب ہو جائے تو آئیسکو اس کو مرمت کرنے کیلئے بھی تاجروں سے پیسے لیتی ہے جو بلا جواز ہے کیونکہ ٹرانسفارمرز اور کیبل نیٹورک کی مرمت و دیکھ بھال کرنا محکمہ کی ذمہ داری بنتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ میں سٹریٹ لائٹس کام نہیں کر رہیں جبکہ سی ڈی اے کی غفلت کی وجہ سے دیگر سہولیات کی حالت بھی غیر تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور محکمہ سوئی گیس مارکیٹ میں پائپ بچھانے کیلئے جب کھدائی کرتے ہیں تو عرصہ دارز تک کھدائی والی جگہوں کو دوبارہ درست نہیں کیا جاتا جس وجہ سے علاقے میں گردوغبار پھیلتا ہے، ماحول آلودہ ہوتا ہے اور تاجروں و گاہکوں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے ، آئیسکو اور محکمہ سوئی گیس ترجیحی بنیادوں پر تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے جناح سپر مارکیٹ کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کے مسائل کو ہر متعلقہ فورم پر اجاگر کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ ان کا بہتر حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کوشش کی جائے گی کہ آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو اور سوئی گیس کے جنرل منیجر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں مدعو کیا جائے تا کہ ان اداروں سے متعلقہ تاجر برادری کے مسائل کا متفقہ حل نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بالکل تعاون نہیں کر رہی لہذا تمام مارکیٹوں کی ایسوسی ایشنوں کے ساتھ مل کر سی ڈی اے سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر شیخ عبدالوحید، فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین خالد جاوید، چیمبر کے سینئر ممبر خالد اقبال ملک، سابق صدور میاں اکرم فرید و محمد اعجاز عباسی، جناح سپر مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن صدیقی اور نائب صدر رانا شاہد اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے، آئیسکو، سوئی گیس اور ایف بی آر کو چاہیے کہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے میں بھرپور تعاون کریں تا کہ علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور معیشت مستحکم ہو۔

متعلقہ عنوان :