وزیر اعظم نواز شریف کی کابل میں بم دھماکے کی شدید مذمت

ہفتہ 23 جولائی 2016 20:49

اسلام آباد ۔ 23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 جولائی ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے ہفتہ کو کابل میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم نے حملے میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے افغان حکومت اور عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے اور اسکے خلاف مشترکہ کوششوں کیساتھ جنگ کی ضرورت ہے۔

پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں فرنٹ لائن ملک کی حیثیت سے خود دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ ہی انسانیت کیلئے کوئی احترام۔دہشت گردوں کی اندھا دھندسرگرمیوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتا ہے ۔ہم ثابت قدمی سے دہشت گردی کیخلاف کھڑے ہیں اور دہشت گردی اور شدت پسندی کی لعنت کے خاتمے کیلئے افغان حکومت کیساتھ تعاون کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔

متعلقہ عنوان :