محنت اورجذبے سے قوم کے نونہالوں کی آبیاری کرنے اورانہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے اساتذہ ہمارے سروں کے تاج ہیں‘دھرنوں نے ملک کا دھڑن تختہ کیا ،اب قوم کونونہالوں کی کامیابی جیسی اچھی خبریں ملنی چاہئیں‘دھرنا دینے والے عناصر دھرنے چھوڑ کر قوم کے ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے کام کریں،اپنے صوبے میں تعلیم اورصحت کی سہولتوں کو بہتر بنائیں‘دھرنوں اور منفی سیاست نے ترقی کا راستہ روکااب اس رویے کو ترک کر کے ملک کو سنوارے کیلئے کام کرنا ہوگا

وزیراعلیٰ کا میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے محنت کشوں کے بچیوں کے اساتذہ کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جولائی 2016 20:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ محنت اورجذبے سے قوم کے نونہالوں کی آبیاری کرنے اورانہیں زیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے اساتذہ ہمارے سروں کے تاج ہیں ۔میٹرک کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز محنت کشوں کی بچیوں کو تعلیم میں مالی معاونت فراہم کرنیوالی اساتذہ قوم کی ہیرواور ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں اور ہم ایسے اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

ترقی کے جتنے بھی مینار کیوں نہ تعمیر کرلیں، تعلیم کو فروغ دیئے بغیر ترقی بے معنی ہوگی ۔ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نوجوان نسل کو جدید علوم سے آراستہ کرنا ہوگا۔محنت اورجذبے سے کام کیا جائے توکوئی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

دھرنوں نے ملک کا دھڑن تختہ کیا اب قوم کو نونہالوں کی کامیابی جیسی اچھی خبریں ملنی چاہئیں۔

دھرنا دینے والے عناصر کو دھرنے چھوڑ کر قوم کے ٹیلنٹ کو آگے لانے کیلئے کام کرنا چاہیے۔دھرنے دینے والے عناصر اپنے صوبے میں تعلیم اورصحت کی سہولتوں کو بہتر بنائیں ۔دھرنوں کے ذریعے قوم کا وقت ضائع نہ کیا جائے کیونکہ یہ قوم پہلے ہی زخم خوردہ ہے ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کااظہار آج یہاں ماڈل ٹاؤن میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنیوالے محنت کشوں کے بچوں کے اساتذہ کو انعامات دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے گورنمنٹ گرلزہائی سکول ہارون آباد کی ہیڈ ٹیچر شاہدہ سعید اورگورنمنٹ گرلز ہائی سکول شریف پورہ ملتان کی ٹیچر انیلہ مسعودکو ایک ،ایک لاکھ روپے کا چیک اورلیپ ٹاپ دیئے جبکہ میٹر ک کی پوزیشن ہولڈر طالبہ سمیعہ مجاہد کی حصول تعلیم میں معاونت کرنے والی اس کی بہن کیلئے بھی ایک لاکھ روپے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ تقریب میرے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اس تقریب میں وہ اساتذہ اکرام تشریف لائی ہیں جو ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں ۔

آج کی اس تقریب میں بہاولپور بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی اقرا بی بی اور ملتان بورڈ سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ سمیعہ مجاہد بھی موجود ہیں ۔اقرا بی بی کی والدہ وسائل کی کمی کے باعث اپنی بچی کے تعلیمی اخراجات پورا کرنے سے قاصر تھیں اﷲ تعالی نے ان کی مدد کی اور درد دل رکھنے والی ہیڈمسٹریس شاہدہ سعید کے دل میں ان کیلئے رحم دلی کے جذبات ڈال دیئے اورانہوں نے اقرابی بی کو مالی لحاظ سے سپورٹ کیا۔

اسی طرح سمیعہ مجاہد کے والد کپڑوں کی سلائی کے ذریعے روزگار کماتے ہیں اوریہ بچی بھی حصول تعلیم کیلئے مالی دشواریوں کا شکار تھی۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شریف پورہ ملتان کی نیک دل خاتون ٹیچر نے سمیعہ مجاہد کی حوصلہ افزائی کی اوراسے اس مقام تک پہنچنے کیلئے مدد فراہم کی۔میں اپنی طرف سے اور حکومت پنجاب کی طرف سے محترمہ شاہدہ سعید اورسمیعہ مجاہد کی ٹیچرانیلہ مسعود کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے فرض سے بڑھ کرحق ادا کیااوران بچیوں کو مالی دشواریوں سے بے نیاز ہوکرآگے بڑھنے کا راستہ دکھایا۔

انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ خاندانوں کی بچیوں کوتعلیم میں مددو رہنمائی فراہم کرنیوالی اساتذہ قوم کی ہیرو اورہمارے سروں کا تاج ہے۔ان اساتذہ کی بدولت ہی محدود وسائل رکھنے والی بچیوں کو اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کا حوصلہ ملاہے۔انہوں نے کہا کہ میٹرک کے امتحان میں محنت کشوں کے پوزیشن ہولڈرز کی بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اوران کی تعلیم میں مدد و رہنمائی فراہم کرنیوالے اساتذہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے نونہالوں کو محنت اوردیانتداری سے زیور تعلیم سے آراستہ کرنیوالے اساتذہ ہی صحیح معنوں میں قوم کے معمار ہیں ۔اساتذہ محنت اورجذبے سے قوم کے نونہالوں کو تعلیم و تربیت سے آراستہ کرنے کا فریضہ سرانجا م دیں۔انہوں نے کہا کہ دھرنوں نے قومی معیشت کا دھڑن تختہ کیا اورترقی کے سفر میں روڑے اٹکائے، اب ملک کو سنوارنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ جو سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہیں وہ احتساب کی بات کرتے ہیں،قوم ایسا سنگین مذاق برداشت نہیں کرے گی۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الزامات کی سیاست اور گھٹیا حربوں کے باوجودآزاد کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کو شاندار کامیابی ملی۔آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ قوم کی مجموعی سوچ کا عکاس ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے تعلیم و صحت کی سہولتوں کی بہتری کیلئے دھرنا دیں تو میں ان کے ساتھ دھرنا دینے کیلئے تیار ہوں لیکن یہ دھرنے بجلی کے منصوبوں میں دوبارہ تاخیر پیدا کرنے کیلئے دینا چاہتے ہیں اس سے بڑا ظلم اور دشمنی قوم سے ہونہیں سکتی۔یہ عناصر چاہتے ہیں کہ ملک سے اندھیرے ختم نہ ہوں اور ملک آگے نہ بڑھے۔

دھرنا دینے والے اس دکھی قوم کے دکھوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ عناصر قوم کی خوشی اورترقی نہیں چاہتے۔ترقی و خوشحالی اس قوم کا حق ہے اورقوم کسی کو ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روکنے دے گی۔صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز ،پارلیمانی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ،پارلیمانی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن ،سیکرٹری سکولز،سیکرٹری اطلاعات اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :