وزیر اعلیٰ پنجاب سے سویڈن کی سفیر کی قیادت میں وفد کی ملاقات ، وی آئی سی ایس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوستانہ تعلقات موجود ہیں، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کرنا ہیں‘شہباز شریف پاکستان خصوصا پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے‘سویڈن سفیر انگریڈ جوہانسن

ہفتہ 23 جولائی 2016 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے سویڈن کی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات موجود ہیں ۔

دونوں ممالک کو مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لئے مزید اقدامات کرنا ہیں ۔سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے ۔دریں اثناء وزیر اعلی سے سویڈن کی سفیر انگریڈ جوہانسن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب روڈ سیفٹی کے لئے علیحدہ اتھارٹی بنانے اور وہیکل انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن سسٹم پر تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران وی آئی سی ایس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے پر اتفاق ہوا۔وزیر اعلی نے وی آئی سی ایس کے لئے نئے سنٹر کے افتتاح پر سویڈن سفیر اور اوپس گروپ کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سویڈش گروپ کے ساتھ اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔سسٹم کو فاسٹ ٹریگ پر مکمل کرنا اس لئے ضروری ہے کہ اس سے ہزاروں زندگیاں محفوظ ہوں گی ۔چیئرمین اوپس گروپ ، سویڈش اعلی حکام، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور اعلی افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔