جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کا پول کھل گیا

ہفتہ 23 جولائی 2016 14:20

جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کا پول کھل گیا

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جولائی۔2016ء) پاکستان جونیئر ورلڈکپ کی تیاریوں کا پول کھل گیا، 4 ملکی ٹورنامنٹ کے ابتدائی میچ میں میزبان جرمنی نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں ان دنوں یورپ کے دورے پر ہے اور جرمنی میں جاری 4 ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شریک ہے، ٹیم کی نمائندگی دلبرحسین کررہے ہیں ۔

میچ کے دوران مہمان ٹیم کو میزبان سائیڈ کے خلاف گول کرنے کے متعدد مواقع بھی میسر آئے لیکن فاروڈز ان سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے کھیل کے ابتدائی بیس منٹ میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تاہم اگلے ہی منٹ میں پاکستانی ٹیم نے عمدہ موو بنائی اور گیند کو جرمن سائیڈ کے ڈینجر زون میں لے جانے میں کامیاب ہو گئی، وہاں پر پہلے سے موجود شان ارشاد نے ساتھی کھلاڑی کے خوبصورت پاس پر پاکستان کو ابتدائی گول کی برتری دلا دی۔

(جاری ہے)

صرف چھ6 منٹ کے بعد میزبان ٹیم کے انٹن بوکل نے بھی فیلڈ گول کے ذریعے گیند کو جال کا راستہ دکھا کر مقابلہ 1-1سے برابر کر دیا،31ویں منٹ میں جرمنی کی ٹیم نے ایک بار پھر عمدہ موو بنائی اور مالٹی ہیلونگ کے ذریعے پاکستان کے خلاف ایک گول کی برتری حاصل کر لی۔ 44ویں منٹ میں جرمنی کی ٹیم پاکستان کے خلاف پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی جس کا بھر پور فائدہ موریٹیز روتھلینڈر نے اٹھایا اور گیند کو جال کی راہ دکھاکر اسکور 3-1 کر دیا، صرف 3 منٹ کے بعد ایلگزینڈر ایندرتھال نے پنالٹی کارنر کے ذریعے ایک اور گول کر کے پاکستان کے خلاف ایک کے مقابلے میں 4گول کی سبقت حاصل کر لی۔

63ویں منٹ میں شان ارشاد پاکستان کی طرف سے دوسرا گول کرنے میں کامیاب ہو گئے تاہم کھیل ختم ہونے سے صرف 2منٹ قبل فلپ شیمڈ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے سکور5-2 کر دیا۔اس سے قبل ہونے والے میچ میں بیلجیئم نے ہالینڈ کو 2 کے مقابلے میں3 گول سے شکست دی، ناکام سائیڈابتدائی دونوں گول کرنے میں کامیاب رہی تاہم بیلجیئم نے عمدہ کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے تین3 گول کر کے بازی اپنے نام کی۔

فاتح ٹیم کی طرف سے گریگری اسٹوک بروکس، اسٹینلے اور وکٹر ویگنیز نے گول کیے، ہالینڈ کی جانب سے کیسپر ڈیجک اور جپ جانسن نے ایک ایک بار گیند کو جال میں پہنچایا، ہفتے کو ایونٹ کے مزید دو2 میچز ہوں گے، پاکستانی ٹیم بیلجیئم کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ ہالینڈ کا مقابلہ میزبان جرمنی کے ساتھ ہوگا۔