اپنا ہر میچ آخری سمجھ کر کھیلنے کا عادی ہوں:یاسر شاہ

ہفتہ 23 جولائی 2016 12:59

اپنا ہر میچ آخری سمجھ کر کھیلنے کا عادی ہوں:یاسر شاہ

مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار23جولائی ۔2016ء )قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ وہ ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیلتے ہیں اور مکمل فٹ رہتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانا ان کا اولین مقصد ہے ۔ایک انٹرویو میں لارڈز میں اپنی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ یہ ان کے ایک خواب کی تکمیل ہوئی کیونکہ وہ حریف بیٹسمینوں کو باندھ کر اپنے پیسرز کی مدد کرنا چاہتے تھے لیکن وکٹ کو دیکھتے ہوئے انہوں نے جارحانہ باؤلنگ کروانے کا فیصلہ کیا اور خوش قسمتی سے اس میں کامیابی مل گئی۔

پابندی کا شکار ہونے والے آف سپنر سعید اجمل کی عدم موجودگی کے سبب پاکستانی ٹیم میں جگہ بنانے سے متعلق یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں افسوس ہے کہ پاکستان نے ایک بڑا باؤلر کھو دیا جو لیڈنگ سپن باؤلر اور ٹیم کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل تھے ، ٹیمیں ایسے کھلاڑی کے جانے سے کمزور ہو جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

یاسر کے مطابق انگلینڈ میں انہیں ماضی میں لیگ کرکٹ کھیلنے کے سبب وکٹوں کا آئیڈیا تھا کہ یہاں بال ایشیائی وکٹوں کے برعکس تھوڑی آہستہ کرنا ہوتی ہے ، ذہنی طور پر تیار ہونے کی وجہ سے انہیں کامیابی ملی۔

لیگ سپنر کا مزید کہنا تھا کہ سابق آسٹریلین لیگ سپنر شین وارن سے ان کا سوشل میڈیا پر رابطہ رہتا ہے جنہوں نے لارڈز ٹیسٹ کیلئے کوئی خاص ہدایت تو نہیں دی مگر شارجہ میں جب ملاقات ہوئی تھی تو انہوں نے انگلینڈ میں باؤلنگ سے متعلق کچھ باتیں بتائی تھیں جو اب کافی کارآمد ثابت ہوئیں جس میں کریز کا استعمال بہت زیادہ اہمیت کا حامل تھا۔