ٹنڈولکر 'سچن ساگا' کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا کے میدان میں آگئے

ہفتہ 23 جولائی 2016 12:22

ٹنڈولکر 'سچن ساگا' کے ساتھ ڈیجیٹل دنیا کے میدان میں آگئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 جولائی۔2016ء) ہندوستان کرکٹ ٹیم کے عظیم سابق بلے باز سچن ٹنڈولکر نے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کیے 3 سال کا عرصہ گزر گیا مگر اب وہ ڈیجیٹل گیمز کی دنیا میں 'سچن ساگا' کے ساتھ میدان میں آگئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جیٹ سینتھیسز کے نائب چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرراجن نیوانی نے اعلان کیا کہ کمپنی کے گیم بنانے والے شعبے پلے لیزون ٹیکنالوجیز نے عظیم کرکٹر کے لیے ایک پرجوش گیم متعارف کرادیا ہے۔

ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ 'مجھے اپنی پہلی ڈیجیٹل گیم متعارف کرنے پر خوشی ہے، میں مختلف چیزوں سے منسلک رہا ہوں اور یہ تجربہ ہم سب کو مل کر لطف اندوز ہونے کا ذریعہ بنے گا'۔کرکٹ کی دونوں طرز ٹیسٹ اور ون ڈے میں سنچریوں کا ناقابل فراموش ریکارڈ بنانے والے سچن ٹنڈولکر نے 14 نومبر 2013 کو ممبئی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد عالمی کرکٹ کو خیر باد کہا تھا۔

(جاری ہے)

ٹنڈولکر کو ٹیسٹ اور ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انھوں نے 200 ٹیسٹ میچوں میں 51 سنچریوں اور 68 نصف سنچریوں کی مدد سے 15ہزار921 رنز بنائے۔ون ڈے کرکٹ میں ٹنڈولکر نے 463 میچ کھیلے اور 49 سنچریاں بنائیں اور 96 نصف سنچریوں کی مدد سے 18 ہزار 426 رنز بنائے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ٹنڈولکر نے آسٹریلیا کے سابق لیگ اسپنر شین وارن کے ساتھ مل کر امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے گزشتہ سال سابق کھلاڑیوں پر مشتمل دو ٹیموں کی کرکٹ سیریز منعقد کی تھی جس میں پاکستان کے عظیم فاسٹ باوٴلر وسیم اکرم، ثقلین مشتاق، شعیب اختر، ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن لارا سمیت کئی عظیم کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :