آزادکشمیرکے انتخابات میں شاندارکامیابی پر ایم کیو ایم کی نوازشریف اور مسلم لیگی رہنماؤں ‘ کارکنان کو مبارکباد

جمعہ 22 جولائی 2016 22:41

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کاایک مشترکہ اجلاس جمعرات کی شب منعقدہوا جس میں آج آزادکشمیرمیں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج پر تفصیلی تبادلہ ء خیال کیاگیا۔ رابطہ کمیٹی نے آزادکشمیرکے عام انتخابات میں شاندارکامیابی پر پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ میاں محمدنوازشریف، مسلم لیگ کے تمام رہنماؤں، مجلس عاملہ کے اراکین، کارکنان اورہمدردوں کو زبردست مبارکبادپیش کی۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے مسلم لیگ کی قیادت ، رہنماؤں اورالیکشن کامیاب ہونے والے امیدواروں سے درخواست کی کہ وہ عوام کی فلاح بہبود، ان کے مسائل کے حل، تعلیم ، پانی، بجلی،صحت کے چھوٹے مراکزکے قیام، روزگارکی فراہمی کے لئے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ صنعتوں ، اسکولوں، کالجوں اوریونیورسٹیوں کے قیام پر خصوصی توجہ دیں۔ رابطہ کمیٹی نے مسلم لیگ کی قیادت اورحکومت سے یہ بھی کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کی جانب سے مسلمانوں پرڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم کے خاتمے اورعلاقے میں پائیدارامن کے قیام کیلئے نتیجہ خیزمذاکرات کاآغازکریں، تاکہ وسط ایشیا ریجن کاپوراخطہ امن کاگہوارہ بن سکے اوریہاں کے عوام امن وسکون سے زندگی بسرکرسکیں۔