کشمیر انتخابات :کامیابی پر میاں نواز شریف ودیگر کو جماعت اہلحدیث پاکستان کے رہنماؤں کی مبارکباد

عوام با شعور ہو چکے۔ چور دروازے سے اقتدار میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مفاد پرست سیاستدانوں کو عوام مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔انتخابات کے نتائج دھرنا مافیہ اور روٹی کپڑا مکان کے جھوٹے دعوے کرنیوالوں کو مسترد کرنے کا واضح ثبوت ہیں۔ حافظ عبدالغفار روپڑی

جمعہ 22 جولائی 2016 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 جولائی ۔2016ء) کشمیر الیکشن کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔ انتخابات میں کامیابی حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر سے متعلق پالیسی کی بھی بھرپور تائید ہے۔ عوام با شعور ہو چکے۔ چور دروازے سے اقتدار میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مفاد پرست سیاستدانوں کو عوام مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نے گذشتہ روز نماز جمعہ کے بعد یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر وزیراعظم میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے بھرپور اعتماد کے باعث مسلم لیگ ن نے آزاد کشمیر میں واضح برتری حاصل کی ہے جس سے آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے نتائج عوام کی طرف سے دھرنا مافیہ اور روٹی کپڑا مکان کے جھوٹے دعوے کرنیوالوں کو مسترد کرنے کا واضح ثبوت ہیں۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے ملنے والے مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت پاکستان اب مزید سنجیدگی سے عملی اقدامات کرے اور کشمیری بھائیوں کو بھارتی جارحیت اور بربریت سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے۔ اس موقع جماعت کے مرکزی رہنما مولانا حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا پروفیسر عبدالمجید، مولانا شکیل الرحمن ناصر و دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔