وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان ، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ،نوازشریف

کشمیر کی آزادی کی تحریک کوکوئی نہیں روک سکتا ، جتنا پاکستانی ہوں اتنا کشمیری ہوں ، تبدیلی دھرنے نہیں کچھ کرنے سے آتی ہے ، دھرنوں وا لے کیسی تحریک چلائیں گے یہ انتخابات سے واضح ہوگیا ، آزادکشمیر کے انتخابات میں بڑے بڑے بر ج الٹ گئے ہیں ،مسلم لیگ (ن) نے وہ معرکہ مارا جس کا مخالفین سوچ بھی نہیں سکتے تھے ، آزادکشمیر کے عوا م نے د ل خوش کردیا ، نوجوانو ترقی کے لئے کمر کس لو ، کشمیر کے عوام کو اب بدعنوانوں اور لٹیروں کا دوبارہ سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، آزاد کشمیر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بنے گا ، سپتال اور ڈسپنسریاں بھی بنائیں گے ،آزاد کشمیر کی نئی حکومت کے کاموں کی خود نگرانی کروں گا ، تمام وعدے پورے کریں گے ،منفی سیاست کا کلچر پیدا نہیں ہونا چاہیے وزیراعظم کا آزادکشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح کے بعد مظفر آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب وزیراعظم کے’پاکستان زندہ باد ……آزادی مقبوضہ کشمیر اور کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے ، کارکنوں کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے ’’شیر آیا ……شیر آیا‘‘ کے فلک شگاف نعرے

جمعہ 22 جولائی 2016 18:20

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جولائی ۔2016ء ) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہاہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیر کی آزادی کی تحریک کوکوئی نہیں روک سکتا، ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں ، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ، میں جتنا پاکستانی ہوں اتنا کشمیری ہوں ، اگلے 5 سال آزاد کشمیر کی ترقی کیلئے مثالی ہوں گے، تبدیلی دھرنوں نہیں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے عملی کام سے آتی ہے ، دھرنوں وا لے کیسی تحریک چلائیں گے یہ انتخابات کے نتائج سے واضح ہوگیا ، ان کو جتنی نشستیں ملی ہیں ایسی ہی ان کی تحریک چلے گی ، آزادکشمیر کے انتخابات میں بڑے بڑے بر ج الٹ گئے ہیں ، دھرنے والوں کو دو اور (ن) لیگ کو 32سیٹیں ملی ہیں ، مسلم لیگ (ن) نے وہ معرکہ مارا جس کا مخالفین سوچ بھی نہیں سکتے تھے ، آزادکشمیر کے عوا م نے د ل خوش کردیا ، نوجوانو ترقی کے لئے کمر کس لو، یقین دلاتاہوں کہ کشمیر کے عوام کو اب بدعنوانوں اور لٹیروں کا دوبارہ سامنا نہیں کرنا پڑے گا ، آزاد کشمیر میں موٹرویز اور سڑکوں کا جال بنے گا ، اسپتال اور ڈسپنسریاں بھی بنائیں گے اور آزاد کشمیر کی نئی حکومت کے کاموں کی خود نگرانی کروں گا ، منتخب نمائندوں نے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے ،منفی سیاست کا کلچر پیدا نہیں ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو یہاں آزادکشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی فتح کے بعد مظفر آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف ‘ پرویز رشید ‘ چوہدری برجیس طاہر ‘ معاون خصوصی ڈاکٹر آصف کرمانی‘ صدر مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ‘ نو منتخب ایم ایل ایز اور دیگر مقامی رہنماؤں کے علاوہ عوام کا ایک جم غفیر بھی موجود تھا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ جب رات گئے آزادکشمیر انتخابات کے نتائج واضح ہونا شروع ہوئے تومیں نے فیصلہ کیا کہ آج مظفرآباد جاؤں گا اور اپنے بہن بھائیوں کا شکریہ ادا کروں گا،سب نے کہا کہ اس سے اگلے دن جاؤں،لیکن میں نے کہا کہ ایک دن جبر نہیں ہوتا،میرا تو ابھی جانے کو دل کررہاہے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مظفرآباد کی عوام نے کامیابی دلا کر دل خوش کردیا،مجھے ساتھ ساتھ پتا چلتا تاھ کہ ہر جلسے میں آزادکشمیر کی عوام نے میرے لیے دعائیں کیں،آزاد کشمیر کی عوام کو سلام پیش کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں مخالفین نے میرے بارے میں کیا کچھ نہیں کہا،مجھ پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے،لیکن میں نے کسی کا جواب نہیں دیا،کارکنوں نے وہ کارنامہ سرانجام دیا ہے جس کا تصور بھی نہیں کرسکتے تھے،عوام نے ثابت کیا کہ سیاست میں کامیابی دھرنے سے نہیں کچھ کرنے سے آتی ہے،آزادکشمیر کی عوام نے باقی سیاسی جماعتوں کو رد کردیا،پرویز رشید ،آصف کرمانی اور برجیس طاہر نے آزادکشمیر میں کامیاب انتخابی مہم چلائی،جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم پاکستان میں ترقی کا نیا ریکارڈ قائم کر رہے ہیں،پاکستان کی ترقی کی گواہی ہم نے نہیں پوری دنیا دے رہی ہے،آزاد کشمیر میں بھی ترقی کا ایک نیا دور شروع کریں گے،آزادکشمیر کے نوجوان کمر کس لیں،آزادکشمیر میں ترقی کا نیا انقلاب آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ خوشی کی اس لہر میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی یادرکھیں،مقبوضہ کشمیر میں انشاء اﷲ تحریک آزادی کامیاب ہوکر رہے گی،وہ دن جلد آئے گا جب کشمیر بنے گا،پاکستان،مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی جنگ لڑنے والوں کو شہید کیا جارہاہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موٹرویز کی بنیاد ہم نے رکھی پھر اس کی توسیع اور مرمتت بھی ہم نے کی،آزادکشمیر میں بھی موٹرویز بنائیں گے،سڑکوں کا جال بچھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے اوپر پہاڑوں میں رہنے والے بیمار ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے،ہم چھوٹے بڑے شہروں میں اسپتال قائم کریں گے،مظفرآباد میں غریبوں کا مفت علاج کا پروگرام شروع کیا ہے،مظفر آبادمیں یونیورسٹی کیلئے بھرپور کام کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مخالفین نے آزادکشمیر کی انتخابی مہم میں منفی سیاست کا آغاز کیا،لیکن عوام نے ان کو مسترد کردیا،ہم پاکستان اور کشمیر میں کوئی فرق نہیں سمجھتے میں جتنا پاکستان میں ہوں اتنا کشمیر میں بھی ہوں،آج اﷲ تعالیٰ نے مسلم لیگ(ن) کو 2تہائی اکثریت سے کامیابی دلائی اور اﷲ سے کیا مانگیں اے اﷲ تیرا ملک ہے تو نے آزادکشمیر کے عوام کی دعائیں سنیں،ماضی قریب اور بعید میں آزادکشمیر کے عوام کا واسطہ بدعنوانوں سے آیا،ہم دیانتداری سے ایک ایک پائی خرچ کریں گے،جیتنے والے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کیے ہیں وہ وعدے کیے ہیں وہ وعدے پورے کروں گا،ترقیاتی کاموں کی نگرانی میں کود کروں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عید کے موقع پر آزاکشمیر میں سیاحوں کا سیلاب آیا،ملک بھر کے طول و عرض سے سیاح آزادکشمیر آئے،آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر انتخابات میں مسلم لیگ(ن) نے کشمیر کے بڑے بڑے برج الٹ دیئے،چوہدری سعید نے بیرسٹر سلطان کو شکست دی اور آزادکشمیر کی تاریخ میں سب سے زیادہ لیڈ سے شکست دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اور احتجاج کی سیاست کرنے والے کیسی تحریک چلائیں گے،انتخابات سے واضح ہوگیا ہے مسلم لیگ نے 32جبکہ دھرنے اور تحریک چلانے والوں نے آزادکشمیر میں صرف 2-2سیٹیں لیں،وہ اس کے حساب سے تحریک چلائیں گے،میں یقین دلاتا ہوں کہ آزادکشمیر کے آئندہ پانچ سال ترقی وخوشحالی کے ہوں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خطاب کے اختتام پر ’’پاکستان زندہ باد ……آزادی مقبوضہ کشمیر اور کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے لگوائے وزیر اعظم نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی پر یوتھ ونگ کے نوجوانوں کو خصوصی طو رپر سلام پیش کیا۔

وزیر اعظم نواز شریف کے پنڈال پہنچنے پر عوام نے والہانہ انداز میں کھڑے ہو کر نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ کارکنوں کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف کیلئے ’’شیر آیا ……شیر آیا‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہاتھ ہلا کر خیر مقدمی انداز میں ان کے نعروں کا جواب دیا۔ قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف جلسہ عام میں شرکت کیلئے جب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچے تو صدر مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ‘ سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر اور مسلم لیگ(ن) کے نو منتخب ایم ایل ایز نے ان کا استقبال کیا