حریت قیادت کی طرف سے 13روزسے جاری کرفیو میں نرمی نہ کرنے کے کٹھ پتلی انتظامیہ کے فیصلے کی شدید مذمت

جمعہ 22 جولائی 2016 12:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے گزشتہ تیرہ روز سے مقبوضہ علاقے میں جاری کرفیو اور سخت پابندیوں میں نرمی نہ کرنے کے عوام دشمن کٹھ پتلی انتظامیہ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ انتظامیہ تحریک آزادی اور حریت رہنماؤں کی حمایت کرنے پر کشمیری عوام کو انتقام کا نشانہ بنارہی ہے اور انہیں سز ادے رہی ہے ۔

انہوں نے محبوبہ مفتی کی سربراہی میں کٹھ پتلی انتظامیہ پر واضح کیا جتنازیادہ کشمیری عوام کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا انہیں اتنی ہی زیادہ مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

حریت رہنماؤں نے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی اور انصاف کے حصول کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور جب قومیں انصاف اور ظلم و تشدد کے خلاف جدوجہد کرتی ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کا راستہ نہیں روک سکتی جیسا کے جرات مند کشمیری ثابت قدمی سے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں اگرچہ انہیں بدترین ریاستی دہشت گردی اور جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے کشمیری رضاکاروں کو ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں اور انکے تیمارداروں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی سے روک کر عوام دشمنی اور مظالم کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے رضاکاروں سے کہاہے کہ وہ اپنی امدادی سرگرمیاں فوری طورپر بند کردیں یا پھر نتائج کا سامنا کریں۔ سید علی گیلانی ، میر واعظ اور یاسین ملک نے زخمیوں اور انکے تیمارداروں اورضرورت مندوں کی مدد کرنے اور انہیں خوراک اور ادویات فراہم کرنے پر کشمیری عوام کاخیرمقدم کرتے ہوئے عوام خاص طورپر خوشحال لوگوں سے اپیل کی وہ اشیائے خورد و نوش اپنی متعلقہ مساجد اور محلہ کمیٹیوں میں جمع کریں اورانہیں اپنے علاقوں میں غریب اور ضرورت مندافراد میں تقسیم کریں۔

انہوں نے کشمیری عوام سے مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے اعلان کردہ پروگراموں کو بھرپورشرکت کے ذریعے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔