Live Updates

آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات، غیرحتمی ،غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کو برتری

پیپلزپارٹی دوسرے اورتحریک انصاف تیسرے نمبرپررہی پیپلزپارٹی کے چودھری عبدالمجید،مسلم کانفرنس کے سردارعتیق اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب،پی ٹی آئی کے بیرسٹرسلطان کوشکست

جمعرات 21 جولائی 2016 23:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 41نشستوں کیلئے جمعرات کوہونیوالے الیکشن میں غیرحتمی ،غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے برتری حاصل کرلی ،پیپلزپارٹی دوسرے اورتحریک انصاف تیسرے نمبرپررہی۔ابتدائی طورپر موصول ہونیوالے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ایل اے ون ڈڈیال سے ن لیگ کے مسعود خالد، ایل اے 2 چکسواری سے پیپلزپارٹی کے امیدوار وزیراعظم آزادکشمیرچودھری عبدالمجیدکامیاب قرار پائے۔

ایل اے 3 میر پور سے ن لیگ کے چودھری سعیدنے سابق وزیراعظم پی ٹی آئی کے بیرسٹر سلطان محمود کوشکست دیدی۔ایل اے 5 برنالہ سے ن لیگ کے کرنل وقار نور جبکہ ایل اے 6 سماہنی سے ن لیگ کے راجہ مقصود کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

ایل اے 10 سہنسہ میں مسلم لیگ ن کے راجہ نصیرخان ،ایل اے 11 چڑھوئی میں ن لیگ کے راجہ اقبال، ایل اے 12 کھوئی رٹہ میں ن لیگ کے راجہ نثاراحمد خان، ایل اے 13 غربی باغ میں مسلم کانفرنس کے سردار عتیق کامیاب ہوگئے۔

ایل اے 14 وسطی باغ کے حلقہ سے مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس، ایل اے 15 شرقی باغ سے مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر کامیاب قرار پائے ۔ایل اے 16 حویلی، فارورڈکہوٹہ میں ن لیگ کے چودھری محمد عزیز، ایل اے 17 عباس پور میں مسلم لیگ ن کے یاسین گلشن، ایل اے 18 ہجیرہ میں مسلم لیگ ن کے سردارخان بہادر خان کامیاب قرار پائے۔ایل اے 19 راولاکوٹ کی نشست پاکستان پیپلزپارٹی کے سردار خالد ابراہیم نے جیت لی جبکہ آخری اطلاعات تک ایل اے 20 پاچھیوٹ میں سردارمحموداقبال اورسردارصغیرچغتائی کے درمیان سخت مقابلہ جاری تھا۔

ایل اے 21 پلندری سے بھی ن لیگ کے ڈاکٹر نجیب نقی کامیاب قرارپائے ۔ایل اے 22 بلوچ میں ن لیگ کے سردار فاروق طاہر، ایل اے 23 نیلم میں ن لیگ کے شاہ غلام قادر، ایل اے 24 کوٹلہ ،پٹہکہ سے ن لیگ کی نورین عارف کامیاب ہوئیں۔ ایل اے25 لچھراٹ سے ن لیگ کے چودھری شہزاد ،ایل اے 26 مظفرآباد سے ن لیگ کے بیرسٹرافتخار گیلانی کامیاب ہوگئے۔ ایل اے27 کھاوڑہ کی نشست بھی ن لیگ کے راجہ عبدالقیوم نے حاصل کرلی۔

ایل اے 28 چکار سے بھی ن لیگ کے راجہ فاروق حیدرکامیاب ہوئے۔ ایل اے 29 لیپہ میں ن لیگ کے مصطفی بشیراورپیپلزپارٹی کے چودھری رشید میں سخت مقابلہ جاری تھا۔آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کیلئے 41نشستوں پربراہ راست الیکشن ہوا جبکہ آٹھ مخصوص نشستیں ہیں۔الیکشن میں پیپلزپارٹی آزادکشمیرمیں مجموعی طورپر41امیدوارمیدان میں اتارے تھے ۔مسلم لیگ ن نے 38 اورپاکستان تحریک انصاف نے 32امیدواروں کوٹکٹ دیئے۔مسلم کانفرنس کے 23جبکہ آل جموں وکشمیر سنی اتحا دکونسل کے بارہ امیدوارمیدان میں ا ترے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات