Live Updates

غیر سرکاری ، غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات میں لاہور کی دو نشستوں پر (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کر لی لاہور سے ایل اے 37وادی IIکی نشست تحریک انصاف ،ایل اے 30جموں Iکی نشست (ن) لیگ کے حصے میں آئی ،کارکنوں کا بھرپور جشن

جمعرات 21 جولائی 2016 23:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جولائی ۔2016ء) غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے انتخابات میں لاہور کی دو نشستوں پر (ن) لیگ اور پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کر لی ،غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کے گڑھ لاہور سے ایل اے 37وادی IIکی نشست جیت لی جبکہ ایل اے 30جموں Iکی نشست (ن) لیگ کے حصے میں آئی ،کامیابی کی خوشی میں کارکنوں نے بھرپور جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں ،دونوں جماعتوں کے کارکن اپنی اپنی قیادت اورامیدواروں کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلہ میں لاہور میں ایل اے 37وادی II میں (ن) لیگ اور تحریک انصاف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے غلام محی الدین دیوان نے 1686ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ انکے مد مقابلے (ن) لیگ کے امیدوار غلام عباس میرنے 945ووٹ حاصل کئے ۔ پی ٹی آئی کی کامیابی کی خوشی میں کارکنوں نے غلام محی الدین دیوان کے مصری شاہ میں واقع ڈیرے اور انکی رہائشگاہ کے باہر جمع ہو کر بھرپور جشن منایا ۔

اس دوران کارکن ڈھول کی تھاپ پربھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت اور امیدوار کے حق میں نعرے بھی لگاتے رہے ۔ کارکنوں کی طرف سے اس موقع پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ایل اے 30جموں Iکی نشست پر (ن) لیگ کے ناصر حسین ڈار، تحریک انصاف کے مقصود الزمان خان اور پیپلز پارٹی کے چوہدری میر حیدر کے درمیان مقابلہ ہوا ۔ اکیس پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق (ن) نے 1919،پی ٹی آئی نے 479اور پیپلز پارٹی نے 143ووٹ حاصل کئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات